نایاب کچھوا آسٹریلوی چڑیا گھر کو واپس کر دیا گیا

تصویر کے کاپی رائٹ Perth Zoo
Image caption ریڈییٹِڈ کچھوے نسل کے خاتمے اور غیر قانونی شکار کے خطرے سے دوچار ہیں

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں لاپتہ ہونے والے ایک ریڈییٹِڈ کچھوے کو چور بازار سے خریدنے والے شخص نے اسے چڑیا گھر کی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔

واپس کیا جانے والا دس سالہ کچھوا گذشتہ منگل کو لاپتہ ہوا تھا اور کچھوے کی گمشدگی کا پتہ حکام کو اس وقت چلا جب انھیں اس کا پنجرہ خالی ملا۔

اسے واپس کرنے والے شخص نے اسے ’بلیک مارکیٹ‘ سے خریدا تھا۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس کی گمشدگی کے بعد اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ اسے غیر قانونی طور پر فروخت کیا جا سکتا ہے۔

پرتھ کی پولیس کا کہنا ہے کہ خریدار نے کچھوا واپس کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب اسے معلوم ہوا کہ یہ کتنا نایاب جانور ہے۔

پولیس کے مطابق اس صورتحال میں جبکہ کچھوے کے لیے ادا کی گئی رقم واپس نہیں مل سکے گی، خریدار کا اسے واپس کرنا ایک مستحسن اقدام ہے۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ پرتھ کے چڑیا گھر سے کوئی ریڈییٹِڈ کچھوا غائب ہوا ہو۔ اِس سے قبل اِسی پنجرے سے سنہ 2011 میں بھی دو کچھوے گم ہوگئے تھے۔

مڈغاسکر کے جزیرے پر پائے جانے والے ریڈییٹِڈ کچھوے دنیا کی خوبصورت ترین کچھوے سمجھے جاتے ہیں اور ان کی نسل معدومی کے خطرے سے دوچار ہے۔