کار میں خرابی کے سبب میزراٹی نے ہزاروں گاڑیاں واپس بلا لیں

تصویر کے کاپی رائٹ Maserati

لگژری کاریں بنانے والی اٹلی کی کمپنی میزراٹی نے اپنی بعض گاڑیوں کے ڈیزائن میں خرابی کے سبب چین میں تقریباً 21 ہزار کاریں واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کار کے ڈیزائن میں خرابی کچھ ایسی ہے جس سے اس کی دوسری گاڑیوں کے ساتھ ٹکّر ہو سکتی ہے۔

اٹلی کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثرہ کاروں میں مارچ 2013 اور دسمبر 2015 میں تیار کیےگئے ماڈل شامل ہیں۔

چین میں کوالٹی پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ ان کاروں میں فرش پر بچھے میٹ اور ایکسیلریٹر میں ایسی خامی ہے کہ اس کا پیڈل پھنس سکتا ہے۔

میزراٹی کا کہنا ہے کہ وہ پیڈل کو تبدیل کر دیں گے۔

چین میں معیشت کی سست روی اور بدعنوانی کے خلاف حکومتی کارروائیوں کے سبب حالیہ برسوں میں لگژری کاروں کی فروخت میں گرواٹ درج کی گئی ہے۔

اس صورت حال میں میزراٹی جیسی کمپنیاں آن لائن کاروں کی فروخت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہیں۔ دنیا میں ای کامرس یعنی انٹرنیٹ پر تجارت سب سے زیادہ چین میں ہوتی ہے جہاں 70 کروڑ آن لائن صارف ہیں۔

میزراٹی نے اس سلسلے میں اپنا پہلا آن لائن سٹور معروف آن لائن شاپنگ ویب سائٹ علی بابا پر ایک ہفتے قبل ہی ڈالا تھا اور 100 نئی ایس یو وی لیوانٹیز گاڑیوں کی سیل کی پیش کش کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق یہ ساری گاڑیاں تقریا 18 سیکند میں ہی فروخت ہو گئیں۔ چین میں باقا‏دہ طور پر اس کار کو جولائی میں لانچ کیا جائےگا۔

اسی بارے میں