بیٹریوں کا مسئلہ، پانچ لاکھ ہوور بورڈز کمپنیوں کو واپس

تصویر کے کاپی رائٹ Christopher Furlong Getty Images

امریکہ میں بڑے پیمانے پر ہوور بورڈز کے مالکان کو کہا جا رہا ہے کہ جس کمپنی سے انھوں نے ہوور بورڈز خریدے ہیں ان کو واپس کریں۔

ہوور برڈز واپس کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ان کے بارے میں شکایت موصول ہوئی تھی کہ ان کی بیٹریاں گرم ہو جاتی ہیں۔

ہوور بورڈز کی واپسی سے چین کے بنے ہوئے ماڈلز متاثر ہوئے ہیں جن کی تعداد پانچ لاکھ ہے۔

امریکی کنزیومر سیفٹی کمیشن کا کہنا ہے کہ 99 شکایات موصول ہوئیں کہ ہوور بورڈز کی بیٹریاں گرم ہو گئیں جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

کمیشن نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ ان کمپنیوں سے رابطہ کریں جن سے یہ ہوور بورڈ خریدے گئے ہیں اور ان سے کہیں کہ یا تو مرمت کر کے دیں یا پھر رقم واپس کریں۔

مندرجہ ذیل ماڈلز کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں۔

  • سویگوے ایکس ون
  • آئی موٹوز
  • پاور بورڈز
  • ہوور ٹریکس
  • ہائپ رومز
  • ہوور ویز

سویگوے کمپنی کی ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنے ماڈل میں صارفین کو ’یو ایل سرٹیفیکیشن‘ کی نئی بیٹریاں لگا کر دیں گے۔

’یو ایل سرٹیفیکیشن کا مطلب ہے کہ انڈر رائٹرز لیبارٹریز سے منظور شدہ بیٹریاں لگائی جائیں گی۔ انڈر رائٹرز لیبارٹریز اشیا کو ٹیسٹ کرنے کی سب سے بڑی لیبارٹری ہے۔ اور یہ بات اہم ہے کہ سویگوے کے ایک ماڈل کے علاوہ کسی اور ماڈل میں اس قسم کی شکایت نہیں ہے۔‘

امریکی کنزیومر سیفٹی کمیشن کا کہنا ہے کہ چین کی سب سے بڑی ریٹیل کمپنی علی بابا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ سے اس کی سائٹ سے جو مصنوعات بھی فروخت ہوں گی ان کے سیفٹی چیک سرٹیفیکیٹس ہونے ضروری ہیں۔

علی بابا کے علاوہ اوور سٹاک ڈاٹ کام، بوسکووز ڈیپارٹمنٹ سٹور اور یوکا کلودنگ شاپس نے بھی ہوور بورڈز کے یہ ماڈل فروخت کیے تھے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ہوور بورڈز کی بیٹریوں کے گرم ہو جانے کی شکایت سامنے آئی ہیں۔

دسمبر میں برطانیہ کی ٹریڈنگ سٹینڈرڈز ایجنسیز نے 38 ہزار ہوور بورڈ تحویل میں لیے تھے۔ یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا جب شکایات موصول ہوئیں کہ بیٹریاں گرم ہو جانے کے باعث کئی گھروں میں آگ لگ گئی۔