’یورپی کمیشن کا فیصلہ پاگل کر دینے والا ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ٹم کک کا کہنا تھا کہ وہ ’بہت پراعتماد‘ ہیں اپیل کے بعد یہ فیصلہ واپس لے لیا جائے گا

امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک کا کہنا ہے یورپی کمیشن کی جانب سے آئرلینڈ میں اپیل سے اربوں یورو پچھلے ٹیکسوں کی مد میں وصول کرنے کا فیصلہ ’پاگل کردینے والا‘ اور ’سیاسی‘ ہے۔

انھوں نے آئرش نشریاتی ادارے آر ٹی ای کو بتایا کہ آئرلینڈ میں ایپل کو رعایتی ٹیکس کی چھوٹ نہیں دی گئی تھی۔

یورپی یونین نے فیصلہ سنایا تھا کہ ایپل کو 13 ارب یورو پر مشتمل ’غیرقانونی‘ ٹیکس فوائد دیے گئے تھے۔

ٹم کک کا کہنا تھا کہ وہ ’بہت پراعتماد‘ ہیں اپیل کے بعد یہ فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ منگل کو یورپی کمیشن کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ نے ایپل کو 13 ارب یورو پر مشتمل ٹیکس فوائد پہنچائے تھے۔

اس فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹم کک نے آر ٹی ای کو بتایا کہ ’یہ پاگل کر دینے والا ہے، یہ مایوس کن ہے، یہ واضح ہے کہ یہ ایک سیاسی نوعیت کا (فیصلہ) ہے، اس کی حقیقت یا قانون میں کوئی جگہ نہیں، اور بدقسمتی سے ہمیں اس کا سامنا کرنا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اپیل کا کہنا ہے کہ سنہ 2014 میں ایپل نے آئرلینڈ میں سب سے زیادہ کارپوریٹ ٹیکس ادا کیا تھا

ٹم کک کا کہنا تھا کہ ’جب آپ پر کوئی ایسا کام کرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے جو آپ کی اقدار سے اجنبی ہوتا ہے، اس سے آپ میں غصہ پیدا ہوتا ہے، اور ایسا ہی ہم محسوس کر رہے ہیں۔ ایپل ہمیشہ درست انداز میں کام کرتا رہا ہے۔‘

’ہم نے کچھ غلط نہیں کیا، اور آئریش حکومنت نے بھی کچھ غلط نہیں کیا۔‘

ٹم کک نے یورپی کمیشن کی تحقیقات میں سامنے لائے جانے والے ان اعداد و شمار سے بھی اختلاف کیا جن کے مطابق ایپل نے آئرلینڈ میں اپنی ایک ذیلی شاخ سے حاصل ہونے والے منافعوں پر سنہ 2014 میں دس لاکھ یورو پر 005۔0 فیصد یا 50 یورو ٹیکس ادا کیا۔

’یہ غلط عدد ہے۔ مجھے نہیںمعلوم یہ عدد کہاں سے آیا ہے۔ یہ سچ نہیں ہے۔ سچ یہ ہے کہ اس سال ہم نے 40 کروڑ ڈالر آئرلینڈ کو ادا کیے، اور یہ رقم قانون کے مطابق آئرش انکم ٹیکس کے ریٹ 12.5 کی بنیاد پر تھی۔‘

اپیل کا کہنا ہے کہ سنہ 2014 میں ایپل نے آئرلینڈ میں سب سے زیادہ کارپوریٹ ٹیکس ادا کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپل نے یورپی ممالک میں فروخت کی جانے والی اپنی مصنوعات پر ان ممالک میں انکم ٹیکس ادا کیا اور امریکہ میں منعافوں میں اضافی انکم ٹیکس 35 فیصد کی شرح کے مطابق ادا کیا ہے۔

اسی بارے میں