12 گھنٹوں میں مریخ پر رہنا سیکھیں

تصویر کے کاپی رائٹ Monash University

مریخ پر زندگی دور کی بات لگتی ہے، سینکڑوں سال اور پانچ کروڑ 46 لاکھ میل دور۔

لیکن اس کے لیے تیاری جلد از جلد شروع کر دینا چاہیے، ٹھیک؟

خوش قسمتی سے آسٹریلیا میں میلبرن کی موناش یونیورسٹی سرخ سیارے پر زندہ رہنے کے لیے ایک آن لائن کورس شروع کر رہی ہے۔

تین گھنٹے کے چار سیشنوں کے بعد امیدوار خود کو پانی، خوراک اور آکسیجن فراہم کرنے کے لیے مطلوب مہارت حاصل کر لیں گے۔

’مریخ پر کیسے زندہ رہا جائے: مریخ پر انسانی تحقیق کی سائنس‘ نامی آن لائن کورس کو خلائی فزکس کی ماہر جیسمینا لوزینڈچ گیلووے اور کیمسٹری کی پروفیسر ٹینا اورٹن نے تیار کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Monash University

انھوں نے اس کی تحریک اینڈی ویئر کے ناول ’دی مارشئن‘ سے حاصل کی ہے جس پر بننے والے فلم کو سن 2015 میں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ مریخ پر زندگی ان کے لیے اور ان کے ساتھ کام کرنے والے دیگر ساتھیوں کے لیے ’اگلی بڑی دریافت‘ کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی ہی میں لوگ مریخ پر رہنے لگیں گے۔

طالب علموں کو یہ سمجھانے کے لیے مریخ پر جو کچھ موجود ہے اس پر کیسے زندہ رہا جا سکتا ہے اور یہ کہ وہ زندگی ان کی زمین پر زندگی سے کیسے مختلف ہو گی، کورس میں کیمسٹری، ریاضی، جیالوجی، فزکس اور حیاتیات کے کچھ حصے شامل کیے گئے ہیں۔

24 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس کورس کے لیے 15 سو افراد نے پہلے ہی اندراج کروا لیا ہے۔