’گلیکسی نوٹ سیون تبدیل کر لیں یا استعمال نہ کریں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سام سنگ کا گلیکسی نوٹ سیون گذشتہ ماہ مارکیٹ میں آیا تھا اور عومی طور پر صارفین اور ناقدین نے اس کی تعریف کی تھی

جنوبی کوریا کی موبائل بنانے والی کمپنی سام سنگ نے گلیکسی نوٹ سیون فون خریدنے والوں سے کہا ہے کہ وہ فون کا استعمال بند کر دیں یا پھر اسے دوسرے فون سے تبدیل کرلیں کیونکہ اس فون کے ’دھماکے‘ سے پھٹنے کے خطرات ہیں۔

سام سنگ نے گذشتہ ہفتے 25 لاکھ فون کی واپسی کا اس کا وقت اعلان کیا جب اسے یہ پتہ چلا کہ یہ فون چارج ہونے کے دوران یا اس کے بعد پھٹ جاتا ہے۔

٭ سام سنگ گلیکسی نوٹ سیون کی فروخت روک دی گئی

٭ ’نوٹ سیون فون طیارے پر لانے سے گریز کریں‘

جبکہ امریکی حکام نے اس سے قبل فضائی مسافروں کو تنبیہ کی ہے کہ سام سنگ کا نیا موبائل فون گلیکسی نوٹ سیون نہ تو دورانِ پرواز چارج کیا جائے اور نہ ہی اُسے آن کیا جائے۔

جنوبی کوریا کی کمپنی نے کہا کہ وہ 19 ستمبر کے بعد فروخت ہونے والے تمام فونز کے بدلے میں دوسرے فون فراہم کرے گا۔

Image caption یہ فون گذشتہ ماہ لانچ ہوا تھا اور اسے ناقدین اور صارفین دونوں نے سراہا تھا

دنیا میں سب سے زیادہ فون بنانے والی کمپنی سام سنگ نے ایک بیان میں کہا: ’ہماری صارفین کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

’گلیکسی نوٹ 7 کے تمام صارفین سے استدعا ہے کہ وہ متبادل ملنے تک اپنے فون کو بند رکھیں اور جہاں سے اسے خریدا ہے فورا وہاں جاکر اسے واپس کر دیں۔‘

سنیچر کو متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز امارات اور اتحاد دونوں نے اپنے طیاروں پر اس فون کے استعمال کی ممانعت کر دی ہے۔

سنگاپور ایئرلائنز، قینٹاس اور ورجن آسٹریلیا میں اسی طرح کی پابندی عائد ہے۔

امریکی ٹی وی چینل فوکس 10 کی ایک رپورٹ میں دعوی کیا گیا تھا کہ گیلیکسی نوٹ سیون کے سبب ایک شخص کی جیپ میں آگ لگ گئي تھی۔

سام سنگ نے کہا ہے آگ کا سبب بیٹری میں کوئی خرابی ہے لیکن یہ پتہ چلانا بہت مشکل ہے کہ فروخت ہونے والے کن فونز کی بیٹریوں میں خرابی ہے۔

یہ فون گذشتہ ماہ لانچ کیا گیا تھا اور لوگوں نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں