فٹبال ورلڈ کپ میں 48 ٹیموں کی شمولیت کی تجویز

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو دنیا بھر میں فٹبال کے فروغ کے لیے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں اضافہ چاہتے ہیں

فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے یہ تجویز دی ہے کہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کی تعداد 48 ہونی چاہیے جو کہ انتخاب کے دوران کیے جانے والے ان کے وعدے سے زیادہ ہے۔

فیفا کے صدر نے کہا کہ اس میں سے 16 ٹیمیں ایک ناک آؤٹ میچ کھیل کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گی۔ اس کے بعد 32 ٹیمیں گروپ میچز میں شرکت کریں گی پھر ناک آوٹ مرحلہ شروع ہوگا۔

صدارتی انتخاب کے اپنے ایک وعدے میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ ٹیم کی تعداد 40 کر دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس بابت تنظیم کی مجلس عاملہ کے جنوری اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔

46 سالہ صدر نے کہا: ان خیالات کا بہترین حل چاہتے ہیں۔ رواں ماہ اس پر غور خوض کیا جائے گا اور سنہ 2017 تک ساری چیزیں طے پا جائیں گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فیفا صدر کا کہنا ہے کہ فٹبال صرف مقابلہ نہیں بلکہ ایک سماجی تقریب ہے

ہم نے اپنے خیالات پیش کر دیے اب دیکھتے ہیں کہ ان میں سے کون بہترین ہے۔

انفینٹینو نے سیپ بلیٹر کے استعفے کے بعد فروری میں فیفا کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔

ان کی تجاویز میں میزبان ملک میں ابتدائی ناک آؤٹ میں 32 ٹیمیں شرکت کریں گی اور فاتح ٹیم کو گروپ میں شامل کیا جائے گا جبکہ 16 دیگر بہترین ٹیموں کو گروپ میں براہ راست جگہ مل جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ اس طرح عام ورلڈ کپ کی طرح 32 ٹیمیں ہی رہیں گی لیکن اس جشن میں 48 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

انھوں نے کہا کہ فیفا دنیا بھر میں فٹبال کو فروغ دینا چاہتا ہے اور ورلڈ کپ اس کی سب سے بڑی تقریب ہے۔ یہ محض مقابلے سے زیادہ ہے، یہ سماجی تقریب ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں