ڈپریشن کا مقابلہ کرنے کے لیے کوکین کا استعمال کر رہا ہوں: برطانوی باکسر ٹائسن فیوری

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ٹائسن فیوری نے گذشتہ برس نومبر میں یوکرین کے باکسر ولادی میر کلشکو​ کو شکست دے کر ڈبلیو بی اے، آئی بی ایف، ڈبلیو بی او اور آئی بی او کے ٹائٹلز جیتے تھے

برطانیہ کے عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن ٹائسن فیوری نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ڈِپریشن یا ذہنی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے منشیات کا استعمال کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انھیں کچھ برسوں سے ذہنی اور جسمانی مسائل کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے انھوں نے رواں برس مئی سے تربیت بھی نہیں کی ہے۔

٭ 'میں باکسنگ چھوڑ سکتا ہوں'

28 سالہ برطانوی باکسر نے رولنگ سٹون میگزین کو بتایا کہ وہ پیر سے جمعے تک شراب پینے کے لیے باہر جاتے ہیں اور کوکین استعمال کرتے ہیں۔

اپنی ذہنی بیماری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیوری نے بتایا 'میں اس بیماری سے نمٹ نہیں سکتا اور اس کے لیے صرف ایک ہی چیز ہے جو میری مدد کرتی ہے کہ میں بری طرح سے نشے میں دھت ہو جاؤں۔'

ٹائسن فیوری کے مطابق 'لوگ کہتے ہیں کہ مجھے بائی پولر ڈس آرڈر کی ایک قسم ہو گئی ہے۔ میں ذہنی بیمار ہوں۔ میں صرف امید کرتا ہوں کہ کوئی مجھے مار دے گا اس سے پہلے کہ میں خود کو مار لوں۔'

واضح رہے کہ ٹائسن فیوری نے گذشتہ برس نومبر میں یوکرین کے باکسر ولادی میر کلشکو کو شکست دے کر ڈبلیو بی اے، آئی بی ایف، ڈبلیو بی او اور آئی بی او کے ٹائٹلز جیتے تھے۔

اس فتح کے صرف دو ہفتوں کے بعد فیوری کو ان کے آئی بی ایف اعزاز سے محروم کر دیا گیا تھا کیونکہ وہ اس اعزاز کے دفاع کے لیے چیلنجر ویاچیسلاو گلازکوف سے مقابلہ کرنے کے قابل نہیں تھے۔

فیوری کا ولادیمر کے ساتھ دوسرا مقابلہ جولائی میں ان کے زخمی ہونے کی وجہ سے منسوخ کیا گیا اور اب ان کا مقابلہ 29 اکتوبر کو مانچسٹر میں ہونا تھا تاہم یہ مقابلہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

برطانوی باکسر کے چچا اور ٹرینر پیٹر فیوری کا کہنا ہے کہ انھیں اس بات کی امید نہیں ہے کہ ان کا بھتیجا سنہ 2017 تک دوبارہ رنگ میں واپس آ سکے گا۔

ٹائسن فیوری نے رولنگ سٹون کو بتایا کہ انھیں ولادی میر کلشکو کے ساتھ مقابلے کے بعد 'قربانی کا بکرا' بنایا گیا۔

ان کے مطابق اس مقابلے کے بعد انھوں نے اپنے خاندان کے ساتھ ریستوانوں میں جانا بند کر دیا تھا۔

برطانوی باکسر کا کہنا تھا 'میں عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن ہوں اور میں بچپن سے باکسنگ کر رہا ہوں لیکن اب مجھے باکسنگ سے نفرت ہے۔'

اسی بارے میں