یونس خان دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption یونس خان گذشتہ ماہ ڈینگی میں مبتلا ہو گئے تھے

پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

دوسرا ٹیسٹ میچ اکیس اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

یونس خان نے مکمل صحت یاب نہ ہونے کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔

واضح رہے کہ یونس خان کو گذشتہ ماہ کراچی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ ڈینگی میں مبتلا ہیں۔

چند روز علاج کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مزید کچھ وقت آرام کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے سبب انھوں نے پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے کے بارے میں کرکٹ بورڈ کو مطلع کردیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے بقیہ انہی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جو پہلے ٹیسٹ کے لیے اعلان کیے گئے تھے۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

مصباح الحق ( کپتان )، سمیع اسلم، اظہرعلی، یونس خان، اسد شفیق، بابراعظم، سرفراز احمد، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر، سہیل خان، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، راحت علی اورعمران خان۔

اسی بارے میں