ایشیئن چیمپیئز ٹرافی: پاکستان نے چین کو چار گول سے شکست دے دی

پاکستانی ہاکی ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پاکستان سنہ 2012 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے

پاکستان نے ملائیشیا میں جاری ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی ہاکی مقابلے کے ابتدائی مرحلے کے آخری میچ چین کو چار گول سے شکست دے دی ہے۔

اس میچ میں پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی تاہم پاکستان نے دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں ایک، ایک اور آخری کوارٹر میں مزید دو گول کر کے میچ جیت لیا۔

پاکستان پہلے ہی اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور 29 اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچ میں اس کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔

انڈیا کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنا چکی ہے

اس بات کا فیصلہ بدھ کی شب ہوا جب انڈیا نے ابتدائی مرحلے میں اپنے آخری میچ میں ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

اس فتح کے نتیجے میں انڈین ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آ گئی اور اب اس کا مقابلہ 29 اکتوبر کو کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ٹیم یعنی جنوبی کوریا سے ہو گا۔

پاکستان اور انڈیا جب ابتدائی مقابلے میں آمنے سامنے آئے تھے تو یہ میچ انڈیا نے دو کے مقابلے میں تین گول سے جیتا تھا۔

انڈیا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں تاحال ناقابلِ شکست رہی ہے اور اس نے چار میچ جیتے اور ایک برابر کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس ٹورنامنٹ میں انڈیا کی ٹیم تاحال ناقابلِ شکست رہی ہے

اس کے برعکس پاکستان کو اب تک انڈیا اور ملائیشیا کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے جبکہ اس نے چین، جاپان اور جنوبی کوریا کو ہرایا ہے۔

ایشیائی چیمپیئنز ٹرافی مقابلے تین برس کے تعطل کے بعد کھیلے جا رہے ہیں۔

ماضی میں انڈیا 2011 اور 2013 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے جبکہ 2012 میں ٹورنامنٹ کا فاتح پاکستان رہا تھا۔

اسی بارے میں