پش اپس کا مقصد حریف ٹیم کی تضحیک نہیں: مصباح الحق

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ان پش اپس سے کسی بھی حریف ٹیم کی تضحیک یا اس کا مذاق اڑانا ہرگز مقصود نہیں تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پش اپس کے معاملے پر سیاست دانوں کے اعتراض کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پش اپس کا مقصد حریف ٹیم کا مذاق اڑانا نہیں ہے۔

مصباح الحق نے شارجہ میں پریس کانفرنس اور بعدازاں بی بی سی اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ سیاست دانوں کی طرف سے یہ اعتراض نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ ان پش اپس کے پیچھے کوئی غلط مقصد کارفرما نہیں تھا۔

’پاکستانی کرکٹرز کے پُش اپس لگانے پر کوئی پابندی نہیں‘

پاکستانی کپتان نے واضح کر دیا کہ ان پش اپس کا واحد مقصد پاکستان آرمی کے اُن ٹرینرز سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کرنا تھا جنھوں نے ٹیم کی فزیکل فٹنس پر بہت زیادہ محنت کی تھی۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ان پش اپس سے کسی بھی حریف ٹیم کی تضحیک یا اس کا مذاق اڑانا ہرگز مقصود نہیں تھا۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کے ذہن میں کوئی متنازع یا منفی سوچ نہیں تھی۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کی طرف سے پش اپس پر پابندی کے بارے میں کوئی ہدایت ٹیم کو نہیں دی گئی ہے بلکہ نجم سیٹھی صاحب اس معاملے پر واضح موقف بیان کر چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption نجم سیٹھی نے اپنے ٹوئٹ میں بھی کہا تھا 'اوہ خدا کے واسطے، پُش اپس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ درحقیقت میرا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو سنچری بنانے کے بعد 100 پُش اپس کرنے چاہئیں۔'

مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑی جس طرح بھی چاہے جشن یا خوشی منا سکتا ہے، صرف یہ بات ذہن میں ضروری ہے کہ اس سے کھیل کی اور کسی دوسری ٹیم کی دل آزاری نہ ہو۔

واضح رہے کہ چند روز قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے ایک رکن نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے میدان میں لگائے جانے والے پش اپس پر سخت اعتراض کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوتے ہوئے کہا تھا کہ پش اپس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

نجم سیٹھی نے اپنے ٹوئٹ میں بھی کہا تھا ’اوہ خدا کے واسطے، پُش اپس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ درحقیقت میرا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو سنچری بنانے کے بعد 100 پُش اپس کرنے چاہئیں۔‘

اسی بارے میں