پرتھ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 102 رنز کی برتری

ڈین ایلگر تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا پر 102 رنز کی سبقت حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں

پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف دو وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لیے ہیں۔

اس طرح جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا پر 102 رنز کی سبقت حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

٭ پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کا جارحانہ آغاز

جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر ڈین ایلگر اور جے پی ڈومینی موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 34 اور 46 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سٹیفن کک اور ڈین ایلگر نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 35 رنز بنائے۔

اس موقع پر کک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 45 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب ہاشم آملہ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ہیزل وڈ اور پیٹر سڈل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور شان مارش نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 158 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر وارنر سنچری سے تین رن کی دوری پر آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے اپنی اس اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption آسٹریلیا کی تباہی میں جنوبی افریقہ کے بولر ورنن فیلینڈر نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

اس وکٹ کا گرنا تھا کہ جنوبی افریقہ کو وہ موقع مل گیا جس کی اس کے آغاز سے تلاش تھی اور پھر آنے والے آسٹریلوی بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے تھے۔

آسٹریلیا کی بقیہ نو وکٹیں سکور میں 86 رنز کا اضافہ ہی کر سکیں اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 244 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ڈیوڈ وارنر کے علاوہ واحد قابلِ ذکر اننگز ان کے ساتھی اوپنر شان مارش کی رہی جنھوں نے سات چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے چھ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے میں پہنچنے میں ناکام رہا۔

جنوبی افریقہ کے بولر ورنن فیلینڈر نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کیشو مہاراج نے تین، ربادا نے دو اور سٹین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 242 رنز ہی بنا سکی تھی۔

اسی بارے میں