پرتھ ٹیسٹ میں 539 رنز کا ہدف، آسٹریلیا مشکل میں

سٹیون سمتھ اور عثمان خواجہ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں تیسری وکٹ کے لیے سٹیون سمتھ اور عثمان خواجہ کے درمیان 92 رنز کی شراکت ہوئی

پرتھ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 539 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔

اتوار کو کھیل کے اختتام پر اسے یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 370 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو مچل مارش 15 اور عثمان خواجہ 58 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے اور میزبان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا لیے تھے۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے اوپنرز نے ٹیم کو 52 رنز کا آغاز دیا۔ آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز وارنر تھے جو 35 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔

میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ بھی اسی سکور پر گری جب دوسرے اوپنر شان مارش 15 رنز بنانے کے بعد ربادا کے اسی اوور میں ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسری وکٹ کے لیے سٹیون سمتھ اور عثمان خواجہ کے درمیان 92 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ ربادا نے کیا۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز سمتھ تھے جو 34 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption فیلنڈر اور ڈی کاک نے اتوار کو جنوبی افریقہ کے سکور میں مزید 78 رنز کا اضافہ کیا

ایڈم ووگز آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا سکے اور ربادا کی تیسری وکٹ بنے۔

جنوبی افریقہ کے لوئر آرڈر کی عمدہ کارکردگی

اس سے قبل اتوار کو جب کھیل شروع ہوا تو جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز سے شروع کی اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 540 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔

فیلنڈر اور ڈی کاک نے پہلے سیشن میں اعتماد سے آسٹریلوی بولرز کا مقابلہ کیا اور سکور میں مزید 78 رنز کا اضافہ کیا۔

جب جنوبی افریقہ کا سکور 468 رنز پر پہنچا تو ڈی کاک نصف سنچری بنانے کے بعد مچل مارش کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ انھوں نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔

ڈی کاک کی جگہ آنے والے کیشو مہاراج نے بھی فیلنڈر کے ساتھ مل کر مخالف ٹیم کے بولرز کو پریشان کیے رکھا اور آٹھویں وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت قائم کر دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فیلنڈر نے پہلے ڈی کاک اور پھر کیشو مہاراج کے ساتھ مل کر مخالف ٹیم کے بولرز کو پریشان کیے رکھا

اس شراکت کا خاتمہ سٹیون سمتھ نے 73 رنز بنانے والے فیلینڈر کو آؤٹ کر کے کیا اور اس وکٹ کے ساتھ ہی جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 242 رنز بنا سکی تھی جس کے جواب میں 158 رنز کا آغاز ملنے کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم 244 رنز ہی بنا سکی تھی اور اسے پہلی اننگز میں دو رن کی برتری ملی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں