غیر مناسب تصاویر شائع ہونے پر رونی کی غیر مشروط معافی

وین رونی تصویر کے کاپی رائٹ Rex Features
Image caption انگلینڈ نے جمعے کو کھیلے جانے والے فٹبال کے عالمی کپ کے کوالیفائنگ میچ میں سکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی

انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان وین رونی نے عبوری مینیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ سے ٹیم کے ہوٹل میں بین الاقوامی ڈیوٹی کے دوران ایک شادی کی تقریب کی تصاویر سامنے آنے پر غیر مشروط معافی مانگی ہے۔

وین رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں انھوں نے ان تصاویر کو 'غیر مناسب' قرار دیا۔

وین رونی کے کریئر کے 50 گول مکمل

اخبار دی سن نے ان تصاویر کو شائع کیا تھا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رونی نے سنیچر کی رات شراب پی ہوئی تھی۔

انگلینڈ نے جمعے کو کھیلے جانے والے فٹبال کے عالمی کپ کے کوالیفائنگ میچ میں سکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی۔

دوسری طرف انگلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی فرصت کے اوقات کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے گی۔

رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انھیں ان کےمداحوں کے ساتھ لی جانے والی تصاویر کے شائع ہونے پر افسوس ہے۔

بیان کے مطابق اگرچہ اس دن انگلینڈ کے پورے سکواڈ اور سٹاف کی چھٹی تھی تاہم وہ اس بات کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ شائع ہونے والی تصاویر 'غیر مناسب' تھیں۔

رونی نے اس تصاویر کے شائع ہونے کے بعد عبوری مینیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ اور انگلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے تکنیکی ڈائریکٹر ڈین ایش روتھ سے 'غیر مشروط' معافی مانگی۔

رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق وہ اپنے نوجوان مداحوں سے بھی معافی مانگتے ہیں جنھوں نے ان تصاویر کو دیکھا ہے۔

اسی بارے میں