آئی سی سی نے پاکستان ویمن ٹیم کو فاتح قرار دے دیا

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ آئندہ سال 26 جون سے 23 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز نہ ہونے پر پاکستان کو فاتح قرار دیتے ہوئے ان میچوں کے پوائنٹس پاکستان کو دے دیے ہیں۔

یہ فیصلہ آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی تحریری درخواستوں پر غور کرنے کے بعد کیا ہے۔

آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ یہ سیریز نہ کھیلنے کے بارے میں قابل قبول وجوہات پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی خواتین چیمپئن شپ کے سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم اگست سے اکتیس اکتوبر کے دوران کھیلے جانے تھے لیکن بھارت کے نہ کھیلنے کے بعد یہ معاملہ آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔

کمیٹی نے تینوں میچز کے کل چھ پوائنٹس پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی ہر میچ کے 50 اوورز میں بھارت کا صفر رن تصور کیا جائے گا اور اسی کی روشنی میں رن ریٹ بھی مرتب کیا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کمیٹی نے تینوں میچز کے کل چھ پوائنٹس پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا ہے

آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ ویمنز چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا اور پاکستان کی ساتویں اور بھارت کی پانچویں پوزیشن برقرار رہے گی۔

آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ آئندہ سال 26 جون سے 23 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں آسٹریلیا، انگلینڈ۔ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں براہ راست حصہ لیں گی جبکہ دیگر چار ٹیموں کا فیصلہ آئندہ سال فروری میں سری لنکا میں ہونے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے ہوگا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، زمبابوے، سکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں