پاکستانی باکسر محمد وسیم کا ورلڈ سلور ویٹ ٹائٹل کا کامیاب دفاع

محمد وسیم
Image caption محمد وسیم کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس مقابلے کے لیے دو ماہ خاص ٹریننگ کی ہے

پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے باکسر گیمل مگرامو کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور ویٹ ٹائٹل جیت لیا ہے۔

اتوار کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں فلپائنی باکسر گیمل مگرامو کو شکست دے محمد وسیم نے اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔

انھوں نے یہ مقابلہ 112 کے مقابلے میں 114 پوائٹس سے جیتا ہے۔

میچ کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک مشکل فائٹ تھی اور میں نے سخت مقابلے کے بعد اپنے حریف کو زیر کیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انھیں بے حد خوشی ہے کہ وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

محمد وسیم نے بتایا کہ اس میچ میں دونوں کھلاڑیوں کو چوٹیں بھی آئی ہیں اور اب وہ کچھ عرصہ آرام کے بعد اگلے مقابلے کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔

خیال رہے کہ محمد وسیم نے جولائی میں فلپائن کے باکسر جیدر اولیوا کو شکست دینے کے بعد ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ سنہ 2014 میں کامن ویلتھ گیمز میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

اس سے قبل حمد وسیم کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس مقابلے کے لیے دو ماہ خاص ٹریننگ کی جس کے بعد وہ جسمانی اور ذہنی طور پر تیار ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption محمد وسیم نے سنہ 2014 میں کامن ویلتھ گیمز میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ دس سال سے باکسنگ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن وہ اپنی حالیہ کامیابیوں کو سہرا کورین پروموٹر اینڈی کم کو دیتے ہیں جنھوں نے ہر موقع پر ان کو تعاون اور رہنمائی فراہم کی۔

محمد وسیم نے بتایا کہ وہ سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیتنے والے پہلے جنوبی ایشیائی کھلاڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باکسنگ ایک مشکل کھیل ہے جس کے لیے جسمانی صحت اور ٹریننگ کا خرچ تعاون کے بغیر پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسر بننے کے بعد امریکہ کے شہر لاس ویگس میں مقیم ہیں جہاں وہ مشہور باکسر فلائیڈ مے ویدر کے ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے ہیں اور فلائیڈ مے ویدر کے چچا جیف مے ویدر ان کےٹرینر ہیں۔

اسی بارے میں