انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو بریک چاہیے: ایلسٹر کُک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption موہالی ٹیسٹ گذشتہ چھ ہفتوں میں انگلینڈ کا پانچواں ٹیسٹ میچ تھا۔

انڈیا میں کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں تیسرے میچ میں شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کُک کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کو بریک کی ضرورت ہے۔

موہالی میں تیسرے ٹیسٹ میچ میں ناکامی کے بعد انڈیا کو اس سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ گذشتہ چھ ہفتوں میں انگلینڈ کا یہ پانچواں ٹیسٹ میچ تھا۔

سیریز کا اگلہ ٹیسٹ میچ 8 دسمبر سے ممبئی میں شروع ہو رہا ہے اور متعدد برطانوی کھلاڑی اس دوران چھٹیوں کے لیے دبئی جائیں گے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایلسٹر کُک کا کہنا تھا کہ ’ہم ذرا دوسرے ماحول میں جائیں گے اور بریک لیں گے۔ اور آخری دو ٹیسٹ میچوں میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔‘

بنگلہ دیش میں 20 اکتوبر کو شروع ہونے والی دو ٹیسٹ سیریز بھی انگلینڈ 1-1 سے برابر ہی کر سکا۔

وہاں سے براہِ راست انگلینڈ کی ٹیم انڈیا چلی گئی جہاں پہلا ٹیسٹ برابر کرنے کے بعد ایلسٹر کُک کی ٹیم دونوں میچ ہار گئی۔

ایلسٹر کُک کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں بیشتر لوگ اس سے اتفاق کریں گے کہ چھ ہفتوں میں پانچ ٹیسٹ میچ بہت زیادہ ہیں۔‘ ایلسٹر کُک کی بیٹی بنگلے دیش کے دورے کے درمیان پیدا ہوئیں تھیں اور اب تک ان کے والد نے ان کے ساتھ صرف 18 گھنٹے گزارے ہیں۔

انڈیا کے دورے کے اختتام تک انگلینڈ نے دو ماہ میں سات ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ اس سال مارچ اور اپریل میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بھی منعقد ہوا تھا۔

بین الاقوامی دوروں پر انتہائی تنگ شڈیول کا رجحان کرکٹ میں بڑھتا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں