ممبئی ٹیسٹ میں کوہلی کی ڈبل سنچری، انگلینڈ مشکلات کا شکار

کوہلی تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کوہلی نے 235 رنز کی اننگز کھیلی

ممبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنا لیے تھے۔

اس طرح انگلینڈ کو اپنی دوسری اننگز میں خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 49 رنز درکار ہیں اور اس کی صرف چار وکٹیں باقی ہیں۔

اتوار کو جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو مہمان ٹیم کی جانب سے جونی بیرسٹو 50 رنز پر کھیل رہے تھے۔

انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں اب تک رویندرا جدیجا اور ایشون دو، دو وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بولر رہے ہیں۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں کپتان ایلسٹر کک 18 اور پہلی اننگز میں سنچری سکور کرنے والے نوجوان بلے باز جیننگز صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اب تک سب سے کامیاب بلے باز جو روٹ اور جونی بیرسٹو رہے جنھوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

اس سے قبل انڈیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں کپتان وراٹ کوہلی کی ڈبل سنچری، مرلی وجے اور جیانت یادوو کی سنچریوں کی بدولت 631 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دوسری اننگز میں اب تک رویندرا جدیجا اور ایشون دو، دو وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بولر رہے ہیں

وراٹ کوہلی 235، مرلی وجے 136 اور جیانت یادوو 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ممبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انڈیا نے 451 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو وراٹ کوہلی اور جیانت یادوو نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 241 رنز کا اضافہ کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں عادل رشید نے 192 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں انڈیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان راج کوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ رہا تھا جبکہ موہالی اور وشاکھاپٹنم میں انڈیا نے فتح حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں