میں جو بھی ہوں اپنی بہن کی وجہ سے ہوں: سرینا کا وینس کو خراج تحسین

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سرینا ولیمز نے اپنی بہن وینس ولیمز کو مسلسل دو سیٹس میں شکست دے کر ساتویں بار آسٹریلین اوپن اور 23 واں گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیت لیا ہے۔

35 سالہ سرینا نے وینس کو چھ چار، چھ چار سے شکست دے کر سٹیفی گراف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سب سے زیادہ گرینڈ سلیم سنگلز جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کے پاس ہے جنھوں نے 24 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں۔

میچ میں شکست کے بعد آسٹریلین اوپن کی تاریخ میں سب سے زیادہ عمر کی فائنلسٹ 36 سالہ وینس ولیمز نے اپنی بہن سے کہا کہ 'سرینا 23 واں ٹائٹل جیتنے کی مبارک ہو۔'

انھوں نے مزید کہا 'میں ہمیشہ تمہارے ساتھ تھی اور چند میچوں میں تو تم نے مجھے شکست دی۔ یہ ایک شاندار جیت ہے۔ مجھے تم پر فخر ہے اور میں تمہیں بہت چاہتی ہوں۔'

وینس ولیمز نے آٹھ سال میں پہلی بار کسی اہم ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا ہے۔ سرینا نے اپنی بہن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا 'اگر وینس کا ساتھ نہ ہوتا تو میں 23 ویں ٹائٹل تک کسی صورت بھی نہیں پہنچ سکتی تھی۔ میں اس کے بغیر کچھ بھی نہیں کر سکتی تھی۔ میں اس سے بہت متاثر ہوں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption سرینا نے اپنا پہلا آسٹریلین اوپن 14 سال قبل جیتا تھا

سرینا ولیمز نے مزید کہا 'میں وینس کی وجہ ہی سے آج یہاں کھڑی ہوں۔ وینس ہی کی وجہ سے ولیمز بہنیں ہیں۔ اس ہفتے جب جب تم جیتی تو مجھ میں جوش پیدا ہوا کہ میں نے بھی جیتنا ہے۔'

آسٹریلین اوپن میں سرینا کے جیتنے کے امکانات روشن تھے لیک پہلے سیٹ ہی سے سرینا پر دباؤ صاف ظاہر تھا جب انھوں نے غصے میں اپنا ریکٹ زمین پر مارا اور ان کو کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر وارننگ ملی۔

میچ کے دوران یہ بات واضح تھی کہ سرینا کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انھوں نے پہلی پانچ گیمز میں 13 غلطیاں کیں جبکہ وینس نے اپنے آپ پر دباؤ کو بخوبی کنٹرول کیا۔

آسٹریلین اوپن کے فائنل میں شائقین وینس کے حق میں تھے کیونکہ وہ اہم ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ سال بعد کھیل رہی تھیں۔ لیکن جیسے جیسے شکست واضح ہوتی جا رہی تھی وینس جسمانی طور پر تھکتی نظر آئیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سرینا نے میچ کے دوران غصے میں اپنا ریکٹ زمین پر مار کر توڑ دیا

بی بی سی کے ٹینس کے نامہ نگار رسل فولر کے مطابق سرینا ولیمز کی جانب سے گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتنے کی مدت بہت اہم ہے۔ انھوں نے سب سے پہلا گرینڈ سلیم نیو یارک میں 11 ستمبر 1999 کو جیتا اور اپنا 23 واں 28 جنوری 2017 کو میلبرن میں جیتا۔

ولیمز بہنوں کے والد رچرڈ ولیمز مختلف ٹینس کلبوں سے درخواست کیا کرتے تھے کہ وہ اپنے پرانے ٹینس گیند ان کو دے دیا کریں تاکہ وہ اپنی بیٹیوں کو ٹینس سکھا سکیں۔ اور اب سرینا 23 گرینڈ سلیم ٹائٹل کی فاتح ہیں۔

سرینا کو ایک اور گرینڈ سلیم جیتنا ہے اور وہ آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کے برابر پہنچ جائیں گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں