آخری اوور میں ناقص امپائرنگ شکست کی وجہ بنی: ائین مورگن

روٹ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اس ٹی 20 سیریز میں ڈی آر ایس کا استعمال نہیں کیا جارہا ہے

انگلینڈ‌ کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان ایئن مورگن کے خیال میں انڈیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کے آخری اوور میں ناقص امپائرنگ ان کی شکست کی وجہ بنی۔

اتوار کو ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں جو روٹ کو آخری اوور میں جسپریت بمرا کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا گیا تھا جبکہ گیند ان کے بلے سے ٹکرائی تھی۔

اس میچ میں انگلینڈ‌ کو پانچ رنز سے شکست ہوئی جس کے بعد تین میچوں کی سیریز سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ ‌

ایئن مورگن نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا کہ یہ فیصلہ ان کے حق میں نہیں آیا اور اس کا فائدہ مخالف ٹیم نے اٹھایا۔

’اس کا بہت بڑا اثر ہو، خاص طور پر اس وکٹ پر جہاں کھیلنا انتہائی مشکل تھا۔‘

ائین مورگن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار میچ ریفری اینڈی پائییکرافٹ سے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگلے میچ سے پہلے ہمارے پاس یہ موقع ہے۔ اپنی رپورٹ کے ذریعے میچ ریفری کو فیڈ بیک دیتے ہیں۔'

جو روٹ 38 رنز پر کھیل رہے تھے جب انڈین امپائر چیتی ہوڈی شمس الدین نے بمرا کی گیند پر انھیں ایل بی ڈبلیو دیا تھا اور اس اوور میں صرف دو رنز دیے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ائین مورگن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار میچ ریفری اینڈی پیکرافٹ سے کریں گے

سکائی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے مورگن نے تسلیم کیا کہ اگر یہ فیصلہ کسی بڑے میچ، جیسا کہ ورلڈ کپ میں دیا ہوتا تو وہ 'بہت غصے' میں ہوتے۔

اسی میچ میں امپائر شمس الدین کی جانب ایک اور متنازع فیصلہ دیا گیا جب وراٹ کوہلی کے خلاف کرس جورڈن کی اپیل مسترد کر دی گئی۔ تاہم ری پلے سے ظاہر ہوا کہ گیند وکٹوں سے ٹکرا سکتی تھی۔

خیال رہے کہ اس ٹی 20 سیریز میں ڈی آر ایس کا استعمال نہیں کیا جارہا ہے اور گراؤنڈ امپائر کا فیصلہ ہی حتمی ہے۔

تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا آخری میچ بدھ کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں