’وسیم بھائی شاید آپ کی عمر بڑھ گئی ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Pascal Rondeau
Image caption اپنے دور میں وقار یونس اور وسیم اکرم کی جوڑی 'ٹُو ڈبلیوز' کے نام سے مشہور تھی

سابق کپتان وقار یونس نے ٹویٹ کے ذریعے اپنے ساتھی وسیم اکرم کے اس بیان کی تردید کی ہے جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ کس طرح وقار یونس نے انیل کمبلے کو سنہ 1999 میں نئی دہلی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں دس وکٹوں سے محروم رکھنے کی تجویز دی تھی۔

اپنے دور میں وقار یونس اور وسیم اکرم کی جوڑی ’ٹو ڈبلیوز‘ کے نام سے مشہور تھی۔

انیل کمبلے کے اس کارنامے کے 18 سال ہونے پر انڈیا کے بلے باز وریندر سہواگ نے اپنی ٹویٹ میں وسیم اکرم کے ایک انٹرویو کی کاپی شائع کی جس میں سابق پاکستانی کپتان نے کہا کہ: 'جب انیل کمبلے نو وکٹیں لے چکے تھے تو وقار یونس میرے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور انھوں نے کہا کہ رن آؤٹ ہونے کے بارے میں کیا خیال ہے تاکہ کمبلے کو دس وکٹیں نہ مل سکیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

وسیم کے مطابق اس پر انھوں نے کہا کہ ’کسی کے نصیب میں اگر لکھا ہوا ہے تو کوئی کچھ نہیں کر سکتا لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں کمبلے کی آخری وکٹ نہیں بنوں گا۔ لیکن اس کے بعد میں ہی تھا جس نے کمبلے کو اپنی وکٹ تحفے میں دے دی۔'

ساتھ میں وریندر سہواگ نے ٹویٹ میں لکھا: 'قسمت کے آگے سب ناکام، بہت اچھے وسیم بھائی'۔

اس ٹویٹ کے جواب میں وقار یونس نے اپنے ساتھی بولر کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ: 'ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔ وسیم بھائی شاید آپ کی عمر بڑھ گئی ہے۔'

یاد رہے کہ فروری 1999 میں فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم 420 رنز کی تعاقب میں 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انیل کمبلے نے دوسری اننگز میں پاکستان کے تمام دس کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور وہ انگلینڈ کے سپنر جِم لیکر کے بعد دوسرے بولر بن گئے تھے جنھوں نے یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں