بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 459 رنز کا ہدف

ایشون اور کوہلی تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مشفق الرحیم کا وکٹ لے کر آر ایشون نے سب سے کم اننگز میں 250 وکٹیں لینے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے

انڈیا کے شہر حیدرآباد میں ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 459 رنز کا ہدف دیا ہے اور ان کو آخری دن فتح کے لیے سات وکٹیں درکار ہیں۔

چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے تین وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے تھے۔ شکیب الحسن اور محمود اللہ ناٹ آؤٹ بیٹسمین ہیں۔

میچ کے چوتھے دن لنچ سے قبل انڈیا نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 299 رنز کی سبقت حاصل کر لی، لیکن فالو آن کروانے کی بجائے انڈیا نے دوبارہ بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور چار وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

ٹیسٹ میچ کا سکور کارڈ دیکھنے کے لیے کلک کریں

اس سے پہلے لنچ سے قبل بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 388 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان مشفق الرحیم تھے جنھوں نے 127 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

وہ ایشون کا شکار بنے اور اس طرح ایشون نے سب سے کم اننگز میں 250 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ انھوں نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر ڈینس للی کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

للی نے 48 میچوں میں 250 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ایشون نے یہ کارنامہ 45 ٹیسٹوں میں کر دکھایا ہے۔

اس سے قبل انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں کپتان وراٹ کوہلی کی ڈبل سنچری اور اوپنر مرلی وجے اور وکٹ کیپر ردھیمان ساہا کی سنچریوں کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر 687 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تین اور مہدی حسن نے دو جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان مشفق الرحیم اور آل راؤنڈر شکیب الحسن کے علاوہ بولر مہدی حسن نے قدرے مزاحمت پیش کی۔

شکیب الحسن نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز بنائے اور ایشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

مہدی حسن نے 51 رنز کا اہم تعاون فراہم کیا اور ایک اہم شراکت میں اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں