عثمان شنواری کی کراچی کنگز میں شمولیت

عثمان خان شنواری

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی کراچی کنگز نے 22 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر عثمان خان شنواری کو سپنر ابرار احمد کی جگہ ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

ابرار احمد کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ابرار احمد نے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں چار اوورز میں 22 رنز دیے تھے تاہم انہیں کوئی وکٹ نہ مل سکی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بھی وہ دو اوورز میں 19 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر پائے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق عثمان خان شنواری نے 2013 میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں زرعی ترقیاتی بینک کی طرف سے سوئی نادرن گیس کے خلاف صرف9 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھی جس پر انھیں سری لنکا کے خلاف دبئی میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل کرلیا گیا تھا لیکن وہ ان دونوں میچوں میں کوئی وکٹ نہیں لے سکے تھے۔

اسلام آباد یونائٹڈ کی ٹیم بھی اپنے سکواڈ میں رفعت اللہ مہمند کو شرجیل خان کی جگہ شامل کر چکی ہے لیکن اس نے ابھی دوسرے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف پر کرپشن میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر معطل کرکے سپر لیگ سے باہرکر دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں