پی ایس ایل: کراچی کنگز ایک دفعہ پھر ناکام، لاہور قلندرز سات رنز سے فاتح

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو سات رنز سے شکست دے دی

متحدہ عرب امارات کے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں آج پی ایس ایل کے مقابلے میں کراچی کنگز ایک بار پھر شکست سے دوچار ہوگئے جہاں لاہور قلندرز نے انھیں سات رنز سے ہرا دیا۔

آخری اوور میں جیت کے لیے کراچی کنگز کو 18 رنز درکار تھے لیکن محمد عرفان جونیئر نے صرف دس رنز دے کر اپنی ٹیم کی چار میچوں میں دوسری فتح یقینی بنائی۔

کراچی کنگز ٹورنامنٹ میں تین میچ کیھل چکی ہے لیکن اسے ابھی تک صرف ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

عثمان شنواری کی کراچی کنگز میں شمولیت

کانٹے کا مقابلہ لیکن فتح پشاور زلمی کی

کراچی کے علاوہ باقی چاروں ٹیمیں اب چار پوائنٹس پر ہیں لیکن کم رن ریٹ کی وجہ سے لاہور ٹیبل میں چوتھی پوزیشن پر ہی ہے۔

کپتان کمار سنگاکارا اور شعیب ملک نے تیز بیٹنگ کر کے تیسری وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت قائم کی تو ایسا لگ رہا تھا کہ کراچی شاید میچ باآسانی جیت جائے گا لیکن دو اوورز میں یکے بعد دیگرے ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد لاہور قلندرز میچ میں واپس آگیا اور کنگز کی جانب سے بعد میں آنے والے کھلاڑی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے۔

اس سے پہلے لاہور قلندرز نے اپنی اننگز 179 رنز سات وکٹ پر مکمل کی لیکن ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کے وہ شاید 200 رنز سے زیادہ سکور بنا پائیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption کپتان کمار سنگاکارا کی ٹورنامنٹ میں پہلی نصف سنچری رائیگاں گئی

ٹاس ہار کر قلندرز نے بیٹنگ شروع کی تو میککلم ایک بار پھر ناکام رہے لیکن بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے فخر زمان نے زبردست بیٹنگ کی اور ٹورنامنٹ میں اپنی پہلے نصف سنچری بھی بنائی۔

ان کے علاوہ لاہور کی طرف سے جیسن رائے، عمر اکمل اور محمد رضوان نے ان کا ساتھ دیا۔

جب تک فخر کریز پر تھے تو لگ رہا تھا کہ لاہور قلندرز شاید اس ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم بن جایئں گے جو 200 رنز بنا سکیں لیکن آخری پانچ اوورز میں کراچی نے نپی تلی بولنگ کی اور سکور کو 179 تک محدود رکھا۔

لیکن ایک دفعہ پھر ان کے بلے بازوں نے ٹیم کو مایوس کیا۔

پی ایس ایل میں جمعے کو دو میچ کھیلے جائیں گے جن میں پہلا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں