کوئٹہ گلیڈی ایٹرنے کراچی کنگز کو چھ وکٹ سے شکست دے کر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کر لی

کرکٹ
،تصویر کا کیپشن

احمد شہزاد اور اسد شفیق نے پہلی وکٹ کے لیے سو رنز کی شراکت قائم کر کہ کوئٹہ گلییڈی ایٹرزکو فتح کی جانب گامزن کر دیا

متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں جمعرات کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں کراچی کنگز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست ہو گئی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے انیسویں اوور میں کراچی کنگز کے خلاف ایک آسان فتح مکمل کر کے نو پوائنٹس کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کے گیند پر میچ وننگ شاٹ کھیلا اور 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ گئے جبکہ ان کے ساتھ محمود اللہ آٹھ رنز پر موجود تھے۔

رائلی روسو میچ کے اختتام تک وکٹ پر نہیں رہ سکے اور اسامہ میر کی گیند پر 15 رنز کر کہ آؤٹ ہوگئے۔

احمد شہزاد اور اسد شفیق نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے لیے شاندار کرکردگی دکھاتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز سکور کیے تھے جب احمد شہزاد کو سہیل خان نے 54 رنز پر آؤٹ کر کے کراچی کے لیے پہلے کامیابی حاصل کی۔

اسی اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو اگلا نقصان اٹھانا پڑا جب کیون پیٹرسن صفر پر رن آؤٹ ہو گئے اور آخری گیند پر اسد شفیق بھی کیچ دے بیٹھے۔

اس سے پہلے کراچی کنگز نے 20 اوورز کے اختتام تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

کراچی کنگز نے دس اوورز میں 69 رنز بنائے تھے لیکن بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کرس گیل کی سست بیٹنگ سے ٹیم دباؤ میں آگئی۔

،تصویر کا کیپشن

بابر اعظم نے کپتان کمار سنگاکارا کے ساتھ مل کر ایک بار پھر اچھی شراکت قائم کی

انھوں نے بمشکل 34 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 29 رنز سکور کیے۔ دوسری جانب ان کے ساتھ موجود کیئرون پولارڈ نے آغاز آہستہ کیا تھا لیکن آخری اوور میں تیز کھیل کر وہ 19 گیندوں پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

روی بوپارا بھی اس میچ میں ایک رن سے آگے نہیں بڑھ سکے۔

شعیب ملک اس میچ میں کراچی کے لیے کوئی کارنامہ نہ دکھا سکے اور 9 رنز کر کے آؤٹ ہو گئے۔

آٹھویں اوور میں محموداللہ نے کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا کی 28 رنز پر قیمتی وکٹ حاصل کرکے 63 رنز کی اوپننگ شراکت ختم کی۔

کرچجی کنگز کی اس جوڑی نے پچھلے میچ میں بھی 72 رنز کی شراکت قائم کی تھی اور سنگاکارا اس میں بھی 28 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔

آج کے میچ کے بعد ان دونوں ٹیموں نے چھ چھ میچز کھیل لیے ہیں۔ کوئٹہ بدستور اول پوزیشن پر جبکہ کراچی آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

ٹورنامنٹ میں کل دو میچ کھیلے جائینگے جس میں پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے پہلے لاہور قلندرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہو گا جبکہ رات نو بجے اسلام آباد یونایئٹڈ کا سامنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔