پونے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو انڈیا پر 298 رنز کی برتری

سٹیون جان اوکیف
،تصویر کا کیپشن

مہمان ٹیم کی جانب سے سٹیون جان اوکیف نے انڈیا کے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

پونے میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے انڈیا کے خلاف دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لیے ہیں۔

اس طرح مہمان ٹیم کو 298 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے اور دوسری اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

جب کھیل ختم ہوا تو کپتان سٹیون سمتھ نصف سنچری بنانے کے بعد 59 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے جبکہ ان کا ساتھ مچل مارش دے رہے تھے جنھوں نے 21 رنز بنائے تھے۔

پہلی اننگز میں 155 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور شان مارچ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ کی شراکت میں دس رنز ہی بن سکے۔

انڈیا کو کامیابی دلوانے والے بولر ایشون تھے جنھوں نے وارنر کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ سکور میں 13 رنز کے اضافے کے بعد ایشون نے ہی دوسرے اوپنر مارش کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری وکٹ دلوائی۔

،تصویر کا کیپشن

جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا

اس موقع پر ہینڈکومب نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر سکور 61 رنز تک پہنچا دیا تاہم پھر وہ بھی ایشون کی اس اننگز میں تیسری وکٹ بن گئے۔

انڈیا کو چوتھی کامیابی 113 کے سکور پر ملی جب میٹ رینشا 31 رنز بنانے کے بعد یادد کی گیند پر کیچ ہو گئے۔

اس سے پہلے انڈیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے لیف آرم سلو بالر سٹیون جان اوکیف نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز دے کر چھ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایک موقع پر انڈیا کے صرف تین کھلاڑی 94 کے سکور پر آؤٹ ہوئے تھے لیکن اس کے بعد سات وکٹیں سکور میں صرف 11 رنز کا اضافہ ہی کر سکیں۔

،تصویر کا کیپشن

آسٹریلیا کی جانب سے تھامس رینشانے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 اور مچل سٹارک نے چھکے چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے

انڈیا کے آٹھ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اوکیف کے علاوہ مچل سٹارک نے دو جب کہ ہیزل وڈ اور نیتھن لیون نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم دوسرے دن کے آغاز میں ہی پہلی اننگز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔