عامر خان اور مینی پیکیو کے مابین مقابلے کا اعلان

پیکیو
،تصویر کا کیپشن

مینی پیکیو نے اپنے مداحوں کی خواہش پر عامر خان کا انتخاب کیا ہے

مشہور زمانہ فلپائنی باکسر مینی پیکیو اور پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان تییس اپریل کو مدمقابل ہوں گے۔

عامر خان کچھ عرصے سے ویلٹر ویٹ عالمی چیمپئن مینی پیکیو کو مقابلے کے لیے للکار رہے تھے لیکن ماضی انھوں نے عامر خان سے مقابلہ کرنے سے انکار کیا تھا۔

فلپائن سے تعلق رکھنے والے مینی پیکیو نےاپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر اپنے مداحوں سے اپنے اگلے حریف کے بارے میں پوچھا تو اکثریت نے عامر خان کے حق میں ووٹ دیا۔

اٹھتیس سالہ مینی پیکیو نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ میرے مداح یہی چاہتے تھے۔ اٹھتیس سالہ مینی پیکیو نے اپنے کریئر میں 65 مقابلے کیے جن میں 59 میں کامیاب رہے جب چھ میں انھیں شکست ہوئی۔

،تصویر کا کیپشن

مینی پیکیو نے گذشتہ برس مے ویدر سے ہارنے کے بعد باکسنگ سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی لیکن وہ ریٹائرمنٹ ختم کر چکے ہیں

دوسری جانب تیس سالہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے مینی پیکیو کے ساتھ مقابلے کی تصدیق کی۔ باکسنگ کا یہ مقابلہ کہاں ہوگا ابھی تک طے نہیں ہے۔ عامر خان نے عندیہ دیا ہے کہ یہ باکسنگ میچ متحدہ عرب امارات میں بھی ہو سکتا ہے۔ عامر خان نے ٹوئٹر پر مقابلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے کے مقام کے لیے برطانیہ، دبئی اور امریکہ زیر غور ہیں۔

عامر خان جنھوں نے 2004 اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے کے لیے پروفیشنل باکسنگ میں قدم رکھا اپنے کریئر میں 35 مقابلے کیے جن میں31 میں وہ فاتح رہے اور چار میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا آخری مقابلہ 2016 میں میکسیکو کے کینولو ایلواریزسے ہوا جس میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چھ مختلف ویٹ کیٹگری میں عالمی چیمپئن رہنے والے مینی پیکیو نےگذشتہ برس عالمی چیمپئن مے ویدر سے شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا لیکن وہ کچھ عرصے بعد ریٹائرمنٹ ختم کر دی اور نومبر میں جیسی ورگاس سے مقابلہ کیا جس میں وہ فاتح رہے۔

،تصویر کا کیپشن

عامر خان اپنے آخری مقابلے میں کینولو ایلویز سے ہار گئے تھے

عامر خان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے تیز فٹ ورک اور ہاتھ کی رفتار سے مینی پیکیو کو پریشان کر سکتے ہیں۔

مینی پیکیو اور عامر خان ماضی میں ایک ہی ٹرینر فریڈی روش کے ہاں ٹریننگ کرتے رہے ہیں اور وہ دوران تربیت ایک دوسرے سے مقابلے بھی کرتے رہے ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر عامر خان نے مینی پیکیو کو ہرا دیا تو وہ کینولو ایلوایز سے تباہ کن شکست کے بعد اپنے کریئر کو پھر سے صحیح سمت میں لانے میں کامیاب ہو پائیں گے لیکن اگر وہ کامیاب نہ رہے تو ان کے کریئر کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔