پی ایس ایل: کراچی آخری میچ جیت کر اگلے مرحلے میں
ٹورنامنٹ میں اب تک ناکام رہنے والے گیل اس میچ میں جارحانہ انداز میں کھیلے اور پانچ چھکے لگائے
متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
دبئی میں بارش کے پیشِ نظر میچ کو 15 اوورز فی ٹیم تک محدود کر دیا گیا تھا اور کراچی کنگز نے اسلام آباد کی جانب سے دیے گئے 124 رنز کے ہدف کو چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
اب دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا آئندہ بدھ کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔
کراچی کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز کرس گیل اور بابر اعظم نے کیا۔
اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناکام رہنے والے گیل اس میچ میں جارحانہ انداز میں کھیلے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 44 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر محمد عرفان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان سنگاکارا 10 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر رومان رئیس کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ شاداب خان کی دوسری وکٹ شعیب ملک کی تھی جو سات رنز بنا سکے جبکہ ان کا تیسرا شکار بابر اعظم تھے جنھوں نے 27 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔
اس سے قبل کراچی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد کی جانب سے ڈوین سمتھ اور بن ڈکٹ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تھا۔
کیون پولارڈ نے اسلام آباد کی اننگز میں چار کیچ پکڑے
بن ڈکٹ 16 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر کیون پولارڈ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز حسین طلعت تھے جو آٹھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
نویں اوور میں سہیل خان کی بولنگ پر اسلام آباد کے تیسرے بلے باز شین واٹسن آؤٹ ہوئے جو دو رنز ہی بنا سکے۔
13ویں اوور کی پہلی گیند پر برڈ ہیڈن عثمان خان کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے اور اگلی ہی گیند پر ڈیون سمتھ بھی کیون پولارڈ کے ہاتھوں ہی کیچ آوٹ ہوئے۔
اننگز کے آخری اوور میں محمد عامر نے پہلے شاداب خان اور پھر آخری گیند پر اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کو آؤٹ کر کے دو وکٹیں لیں۔
کیون پولارڈ نے اس اننگز میں چار کیچ پکڑے جبکہ کراچی کی جانب سے محمد عامر، سہیل خان اور عثمان خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پلے آف مرحلہ
پلے آف مرحلے میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا پلے آف میچ ہوگا ابتدائی مرحلے کی پہلی اور دوسری پوزیشن والی ٹیموں کے درمیان۔ یہ میچ جیتنے والی ٹیم سیدھی فائنل میں پہنچ جائے گی۔
دوسرا پلے آف میچ ان ٹیموں کے درمیان ہوگا جو کہ ابتدائی مرحلے کے پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر تھیں۔
یہ میچ ہارنے والی ٹیم ٹونامنٹ سے باہر جبکہ جیتنے والی ٹیم پہلا پلے آف میچ ہارنے والی ٹیم کے مدِ مقابل آخری پلے آف میچ میں ہوگی۔ اس آخری پلے آف میچ کی فاتح ٹیم فائنل کھیلے گی۔