چیمپیئنز ٹرافی: آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

مچل سٹارک نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہو گیا۔

دونوں ٹیموں کو میچ میں ایک ایک پوائنٹ ملا ہے۔

اس سے پہلے لندن میں اوول کے میدان پر بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کا ہدف کے تعاقب میں اس وقت بارش کی وجہ سے تعطل آ گیا جب 16ویں اوور کے اختتام پر اس کا سکور 83 رنز تک پہنچ گیا تھا۔ اس وقت کریز پر ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ موجود تھے۔

آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز ایرون فنچ تھے جو 19 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے سب سے زیادہ 95 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر مچل سٹارک رہے جنھوں نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں لیں اور مجموعی طور پر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

تمیم اقبال اس ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کر چکے ہیں

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو تمیم اقبال کے علاوہ کوئی بھی دوسرا بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔

تمیم اقبال جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف بھی سنچری سکور کی تھی اس بار صرف پانچ رنز کی دوری پر ٹورنامنٹ کی دوسری سنچری سکور کرنے میں ناکام رہے۔ ان کی 95 رنز کی اننگز تین چھکے اور چھ چوکوں شامل ہیں۔

مشفق الرحیم صرف نو رنز ہی سکور کرسکے۔ شکیب الحسن بھی 29، صابر رحمان اور محمد اللہ صرف آٹھ، آٹھ رنز ہی بنا سکے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایک، ایک میچ کھیل چکی ہیں۔

بنگلہ دیش نے اپنا پہلا میچ میزبان انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں انگلینڈ نے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP

دوسری جانب آسٹریلیا نے اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جو بارش کی نذر ہو گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملا تھا۔

اب تک چیمپیئنز ٹرافی میں شامل تمام آٹھ ٹیمیں اپنے اپنے ابتدائی میچز کھیل چکی ہیں۔

ان ٹیموں میں سے انڈیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث جیت ہار کے نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوا۔

اپنے ابتدائی میچ ہارنے والی ٹیموں میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان شامل ہیں۔