پاکستانی ٹیم کی واپسی بہت شاندار رہی ہے: کوہلی

وراٹ کوہلی
،تصویر کا کیپشن

وراٹ کوہلی نے کہا کہ پاکستان نے چیزوں کو بڑی خوبی سے اپنے حق میں کیا ہے

انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم نے جس طرح سے واپسی کی ہے وہ بہت ہی 'شاندار' رہی ہے۔

سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے ساتھ فائنل میں جگہ بنانے کے بعد وراٹ کوہلی نے یہ بات کہی۔

جمعرات کو انڈیا نے بنگلہ دیش کو بڑی آسانی سے نو وکٹوں سے شکست دی۔

انڈیا اور پاکستان اپنے افتتاحی میچ میں ایک دوسرے سے مد مقابل ہوئے تھے جس میں دفاعی چیمپیئن انڈیا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ لیکن سیمی فائنل مقابلے میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو شکست دے کر سبھی کو حیرت میں ڈال دیا۔

،تصویر کا کیپشن

جمعرات کو انڈیا نے بنگلہ دیش کو بڑی آسانی سے نو وکٹوں سے شکست دی

کوہلی نے کہا: 'انھوں نے ان ٹیموں کو شکست دی جو حقیقت میں ان سے زیادہ مضبوط دکھ رہی تھیں۔ لیکن جس طرح انھوں نے بطور ایک ٹیم میدان میں کھیلا اس سے ان کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔'

وراٹ کوہلی نے کہا: انھوں (پاکستان) نے چیزوں کو بڑی خوبی سے اپنے حق میں کیا ہے۔'

انڈیا سے اپنے پہلے ہی میچ میں ہارنے کے بعد پاکستان نے اوّل نمبر کی ٹیم جنوبی افریقہ کو اور پھر سری لنکا کو شکست دی تھی۔ بعد میں سیمی فائنل مقابلے میں اس نے انگلینڈ کے خلاف آٹھ وکٹوں سے شاندار جیت حاصل کی تھی۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان کی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی میں امید سے کہیں بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے

انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچوں کو سب سے زیادہ دیکھا اور سرہا جاتا ہے، کھیل کی دنیا میں یہ میچ بہت بڑی تعداد میں شائقین کو پیدا کرتے ہیں۔

لیکن دونوں ٹیمیں اس سے پہلے کبھی بھی 50 اوور کے عالمی سطح کے کسی مقابلے میں مد مقابل نہیں ہوئی ہیں۔

انڈین کپتان وراٹ کوہلی کا کہنا تھا: 'فائنل میں جس کے ساتھ بھی مقابلہ ہو ہمیشہ ہی ایک چیلنج ہوتا کیونکہ جب آپ یہ سوچنے لگتے ہیں کہ یہ ایک بڑی گیم ہے، تو پھر آپ کی ذہنیت بدلتی ہے۔'

ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم ان کی طاقت اور کمزوریوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسی طرح کی کرکٹ دوبارہ کھیلنے کی کوشش کریں گے جو ہم نے اب تک کھیلی ہے۔'