برطانوی تیراک ایڈم پیٹی نے ایک ہی دن میں دو عالمی ریکارڈ قائم کر دیے
برطانیہ کے تیراک ایڈم پیٹی نے ورلڈ ایکوائٹکس چیمپیئن شپ میں 50 میٹر بریسٹ سٹروک مقابلے میں ایک ہی دن میں دو عالمی ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
اس کے ساتھ ایڈم پیٹی فائنل میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
22 سالہ ایڈم پیٹی نے سیمی فائنل میں اس ریکارڈ کے لیے 25.95 سیکنڈ کا وقت لیتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
اس طرح 26 سیکنڈ سے کم وقت میں وہ یہ فاصلہ طے کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس سے پہلے، ہيٹس میں انھوں نے 50 میٹر کا فاصلہ طے کرنے میں 26.10 سیکنڈز میں طے کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
بی بی سی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے ایڈم پیٹی نے کہا: 'ایمانداری سے کہوں تو مجھے اب بھی یقین نہیں آ رہا ہے۔ میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ میں وہاں گیا اور وہی کیا جو میں کرتا ہوں۔'
انھوں نے مزید کہا: 'جم میں سخت محنت جاری ہے۔ میں ان چیزوں پر توجہ دے رہا ہوں جس میں بہتری لا سکتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اسے 25 سیکنڈز کے وسط میں لے آؤں۔'
ایڈم پیٹی نے سیمی فائنل جیتنے کے بعد یہ ٹویٹ کیا
ایڈم پیٹی نے سوموار کو بڈاپیسٹ میں منعقدہ 100 میٹر بریسٹ سٹروک مقابلہ میں اپنے اعزاز کا کامیابی کے ساتھ دفاع کیا تھا۔
انھوں نے 100 میٹر کا طلائی تمغہ حاصل کرنے کے بعد کہا تھا کہ وہ منگل کو کچھ خاص ہے اور انھوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
فائنل سے قبل انھوں ایک ٹویٹ میں کہا ایک دن میں دوسرا ورلڈ ریکارڈ! دیکھیں کل کیا ہوتا ہے؟
کل جب وہ 50 میٹر بریسٹ سٹروک مقابلے کے لیے اترے تھے تو وہ سنہ 2015 میں روس میں منعقدہ ورلڈ چیمپیئن شپ کا اپنا 26.42 سیکنڈ کا ریکارڈ ہی توڑنے کے لیے اترے تھے۔
- 50 میٹر بریسٹ میں ایڈم پیٹی چار بارعالمی ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ پہلی بار سنہ 2014 میں برلن میں انھوں نے ریکارڈ قائم کیا تھا۔
- 100 میٹر بریسٹ مقابلے میں آدم دس بار سے سر فہرست ہیں.
- 2016 کے ریو اولمپکس میں آدم نے 100 میٹر 57.13 سیکنڈ میں طے کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔