’سیریز جیت کر ٹی 20 کی عالمی رینکنگ بہتر کرنے کی کوشش کریں گے‘

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
انڈیپنڈنس کپ: لاہور میں میدان سج گیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ورلڈ الیون کو آسان حریف سمجھنے کے لیے تیار نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم سیریز جیت کر ٹی 20 کی عالمی رینکنگ بہتر کرنے کی کوشش کرے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان آئی سی سی کی عالمی ٹی 20 رینکنگ میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق سرفراز احمد نے پیر کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیمپینز ٹرافی کے بعد یہ پاکستانی ٹیم کی پہلی سیریز ہے جس کی تیاری مکمل ہے۔

’ویلکم بیک پاکستان کرکٹ‘

ویلکم بیک ہوم کرکٹ

’پاکستان کی طرف سے کھیلنا قسمت میں نہیں تھا‘

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون میں ٹی 20 کے کئی اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور پھر سب سے اہم بات یہ کہ ٹی 20 ایک ایسا فارمیٹ ہے جس میں جو ٹیم اس دن اچھا کھیلتی ہے وہی کامیابی حاصل کرتی ہے۔

نامہ نگار کے مطابق سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کو آسان نہیں سمجھنا چاہیے اس میں جنوبی افریقہ کے پانچ کھلاڑی اس وقت اپنے ملک کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ تمیم اقبال بھی اس وقت بنگلہ دیش کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

سرفراز احمد نے بتایا کہ محمد عامر سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ان کے یہاں بچے کی ولادت متوقع ہے تاہم ٹیم کے پاس دیگر تمام آپشنز موجود ہیں اسی لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا اور سہیل خان کو اس میں شامل کیا گیا تھا۔

سرفراز احمد یہ ماننے کے لیے تیار نہیں کہ پاکستانی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی اکثریت چونکہ پہلی بار پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہی ہے لہذا اس پر دباؤ ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ یہ تمام کھلاڑی پاکستان میں باقاعدگی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وہ یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے اچھی کارکردگی پر انہیں داد ملے گی۔

سرفراز احمدنے جو خود بھی پاکستان میں پہلی بار کسی انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد پاکستانی ٹیم کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور اب ہر سیریز ٹیم کے لیے اہم ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں