یاسر شاہ کا ایک اور ریکارڈ

یاسر شاہ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں ایک سو پچاس وکٹیں حاصل کرنے والے سپنر بن گئے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ یاسر شاہ کا ستائیس واں ٹیسٹ ہے جس میں انہوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی ایک سو پچاس ویں وکٹ تھری مانے کو ایل بی ڈبلیو کرکے حاصل کی۔

اس سے قبل کسی اسپنر کا سب سے کم ٹیسٹ میچز کھیل کر ایک سو پچاس وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے کلیری گریمیٹ کے پاس تھا جنہوں نے اٹھائیس ٹیسٹ میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں ایک سو پچاس وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے تیز بولر سڈ بارنس کا ہے جنہوں نے چوبیس ٹیسٹ میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

یاسر شاہ سپنر اور تیز بولر کی مشترکہ فہرست میں بھی دوسرے نمبر پر ہیں ۔ وقاریونس اور انہوں نے ایک سو پچاس وکٹیں ستائیس ٹیسٹ میچوں میں مکمل کی ہیں۔

وقت کے اعتبار سے سب سے کم عرصے میں ایک سو پچاس وکٹیں مکمل کرنے والے بولرز میں یاسر شاہ تیسرے نمبر پر ہیں ۔

انہوں نے دو سال اور تین سو اکتالیس دن میں یہ ایک سو پچاس وکٹیں مکمل کی ہیں ۔ صرف دو بولرز آسٹریلیا کے مچل جانسن اور انگلینڈ کے گریم سوآن ان سے کم وقت میں ایک سو پچاس وکٹیں مکمل کرچکے ہیں۔

اسی بارے میں