’محمد عامر دنیا کے مشکل ترین بولر ہیں‘

عامر خان اور وراٹ کوہلی تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/Virat Kohli

انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کے ساتھ ایک انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر دنیا کے مشکل ترین بولر ہیں۔

وراٹ کوہلی اس وقت ون ڈے اور ٹی 20 کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔

حال ہی میں دیوالی کے موقعے پر انڈیا کے ایک ٹی وی چینل پر عامر خان نے جب وراٹ کوہلی سے پوچھا کہ کیا ایسا کوئی بولر ہے جن سے وہ گھبراتے ہیں تو انھوں نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کا نام لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس وقت تو پاکستان کے محمد عامر ہیں۔ وہ دنیا کے دو تین ٹاپ بولروں میں ہیں اور میں نے جن بولروں کا اپنے کریئر میں سامنا کیا ہے اس میں وہ سخت ترین ہیں۔'

انھوں نے مزید کہا: 'جب آپ ان کا سامنا کر رہے ہوں تو آپ کو اپنے کھیل کو اول درجے میں لانا ہوتا ہے نہیں تو وہ آپ کی وکٹ لے لیں گے۔ وہ بہت اچھے بولر ہیں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

کوہلی نے پاکستان کے خلاف بعض یادگار اننگز کھیلی ہیں لیکن جب آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں تو محمد عامر نے کوہلی پر فتح حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ محمد عامر نے 28 گیندوں میں 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں جن میں اوپنر روہت شرما، شکھر دھون اور وراٹ کوہلی کی اہم وکٹیں شامل تھیں۔

کوہلی اس سے پہلے بھی محمد عامر کی تعریف کر چکے ہیں۔

سنہ 2016 کے ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل انھوں نے کہا تھا: 'مجھے خوشی ہے کہ عامر پھر سے کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی غلطی سدھاری اور پھر واپس آئے ہیں۔ وہ ہمیشہ نمایاں بولر رہے ہیں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/Virat Kohli

ان کا مزید کہنا تھا: ’جس طرح سے عامر نے بولنگ کی میں انھیں مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ان کی حیرت انگیز بولنگ کا سامنا کیا۔ وہ واقعی ورلڈ کلاس بولر ہیں۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں