پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں محمد حفیظ کی واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption محمد حفیظ کے علاوہ آل راؤنڈر عامر یامین اور محمد عامر بھی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ اعلان کردہ بقیہ کھلاڑی وہی ہیں جو ورلڈ الیون کے خلاف سکواڈ میں شامل تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وہ گذشتہ ماہ ورلڈ الیون کے خلاف لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے تھے۔

محمد حفیظ کے علاوہ آل راؤنڈر عامر یامین اور محمد عامر بھی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ اعلان کردہ بقیہ کھلاڑی وہی ہیں جو ورلڈ الیون کے خلاف سکواڈ میں شامل تھے۔

عامر یامین تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت فٹنس پر مشروط قرار دی گئی ہے۔

محمد عامر سری لنکا کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران پنڈلی کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکے ہیں۔

سلیکٹرز نے جن سولہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ان میں عمرامین کا نام بھی شامل ہے جو مسلسل ٹیم کے ساتھ ساتھ رہے ہیں لیکن تین سال سے کوئی بھی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلے ہیں۔

عمر امین نے اپنا آخری ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی 2014 میں کھیلا تھا جبکہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ 2010 میں شروع ہوکر اسی سال ختم ہوچکی ہے۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، فخرزمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابراعظم، شاداب خان، عماد وسیم، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، محمد عامر، رومان رئیس، عثمان شنواری اور عمر امین۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل چھبیس اور ستائیس اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری میچ انتیس اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں