جیت کا سلسلہ آگے بڑھانا چاہتے ہیں: مکی آرتھر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انھیں دوسرے میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مایوسی ہوئی ہے خاص کر فیلڈنگ کا معیار بہت ہی مایوس کن رہا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ وہ جیت کے سلسلے کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم اب تک لگاتار چھ ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے جس میں سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز کے دونوں میچز بھی شامل ہے اور بدھ کے روز وہ تیسرا ون ڈے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے مسلسل جیتنے سے اس میں استحکام آئے گا اور کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا ہوگا۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انھیں دوسرے میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مایوسی ہوئی ہے خاص کر فیلڈنگ کا معیار بہت ہی مایوس کن رہا۔

انھوں نے کہا کہ اس میچ میں بابراعظم اور شاداب خان کی پارٹنرشپ بہت اہم رہی جس کے بعد بولرز نے بڑی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دوسو انیس رنز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اس میچ کا سب سے مثبت پہلو یہی ہے کہ کھلاڑیوں نے سخت محنت کی۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہشان تلکارتنے کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم میچ جیت سکتی تھی لیکن شکست کے باوجود ابھی تین میچز باقی ہیں اور ان کے کھلاڑیوں کو غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے غیرمعمولی کارکردگی دکھانی ہوگی۔

ہشان تلکارتنے کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی ٹیم کی بیٹنگ سے مایوسی ہوئی ہے اس صورتحال میں اپل تھرنگا نے بہت ہی عمدہ اننگز کھیلی۔

تیسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے۔ اوپنر احمد شہزاد دونوں میچوں میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد ممکن ہے ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں