تیز ترین 9000 رنز کا ریکارڈ بھی وراٹ کوہلی کے نام

کوہلی تصویر کے کاپی رائٹ REUTERS/Danish Siddiqui
Image caption کم سے کم اننگز میں 8000 رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی وراٹ کوہلی کے پاس ہے

انڈیا نے تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو چھ رنز سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

کانپور میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم نے کپتان وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی سنچریوں کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز ہی بنا سکی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

’اب کوہلی کا وقت ہے، انہیں انجوائے کرنے دیں‘

نیوزی لینڈ کی جانب سے منرو، ولیمسن اور لیتھم نے نصف سنچریاں بنائیں اور میچ کو آخر تک دلچسپ بنائے رکھا لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔

اس سے قبل انڈین اننگز کے دوران کوہلی اور شرما نے 200 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران کوہلی نے سیریز میں دوسری اور ایک روزہ کرکٹ میں 32 ویں سنچری بنائی۔

وہ ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں سچن تندولکر 49 سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

کوہلی کے ساتھ بلے بازی کرنے والے روہت شرما نے بھی ون ڈے میچوں میں اپنی 15 ویں سنچری بنائی اور 147 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوہلی کے تیز ترین نو ہزار رنز

انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے اس میچ میں کم سے کم میچوں میں نو ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

کیوی بولر گرینڈ ہوم کی گیند پر چوکے کے ساتھ ہی کوہلی نے اپنے 202 ویں میچ اور 194ویں اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنھوں نے 205 اننگز کھیل کر نو ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

خیال رہے کہ کم سے کم اننگز میں آٹھ رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی وراٹ کوہلی کے پاس ہے جو انھوں نے اپنی 175 ویں اننگز میں حاصل کیا تھا۔

اسی بارے میں