پاکستان کے خلاف سری لنکا کی فتح میں عاملہ کی دعا کا بھی ہاتھ تھا؟

چندی مل تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح شیمانزم کی مدد سے ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ شیمانزم ایک قدیم مذہب ہے جس میں بدروحوں کو قبضے میں رکھنے کا عقیدہ شامل ہے۔

37 سالہ دنیش چندی مل کی قیادت میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔

سری لنکا نے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 21 جبکہ دبئی ٹیسٹ میں 68 رنز سے شکست دی تھی۔

چندی مل نے صحافیوں کو بتایا ' مجھے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے مانیو (شیمانزم کی ماہر) نے ایک خاص دعا دی۔'

انھوں نے کہا 'میں ہمیشہ ہر کسی کی جانب سے ایسی دعاؤں کو قبول کرنے کے لیے تیار رہتا ہوں چاہے وہ مانیو کی جانب سے ہو یا کسی پادری کی جانب سے۔'

پاکستان سری لنکا سیریز کے بارے میں یہ بھی پڑھیے

'پاکستان کرکٹ کی ستے خیراں'

محمد عامر کی عمدہ بولنگ، پاکستان کا ٹی 20 سیریز میں بھی وائٹ واش

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست، شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ

دوسرا ٹی ٹوئنٹی:شاداب کا آخری اوور میں چھکا، سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست

چندی مل کا مزید کہنا تھا 'آپ کے پاس ٹیلنٹ ہو سکتا ہے تاہم آپ دعا کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔'

سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے مطابق جس مانیو نے سے انھوں نے رابطہ کیا وہ ان کے دوست کی والدہ تھیں۔

خیال رہے کہ دنیش چندی مل کا یہ بیان سری لنکا کے وزیرِ کھیل کے اس بیان کے ایک ہفتے بعد آیا ہے جس میں انھوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل جادو ٹونا استعمال کرنے کی تردید کی تھی۔

سری لنکا کے وزیرِ کھیل نے اس جادوگرنی کے اس دعوے کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی دی تھی جس میں انھوں نےسری لنکا کی فتح کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے خلاف جادو کیا تھا۔

سری لنکا کے متعدد سیاست دان، کاروباری رہنما اور سپورٹس سٹار اس جادو پر یقین رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کے بعد سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں