آفریدی ٹی 20 کے بعد اب ٹی 10 لیگ کے لیے تیار

آفریدی تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کرکٹرز اور شائقین سب کو ٹی 10 لیگ کا انتظار ہے اور یہ نیا فارمیٹ شائقین میں بے پناہ مقبول ہوگا۔

شاہد آفریدی ان کرکٹرز میں شامل ہیں جو 14 سے 17دسمبر تک شارجہ میں ہونے والی اس ٹی 10 لیگ میں حصہ لے رہے ہیں۔

’کرکٹ صرف شائقین کے لیے، ٹیم میں واپسی کے لیے نہیں‘

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بڑی تیزی آئی ہے اور اس ٹی 10 کرکٹ میں کرکٹرز کو اپنی مہارت دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ یہ سوچ رہے تھے کہ مزید ایک سال ٹی 20 کھیل کر کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے لیکن اس ٹی 10 کی کشش نے انھیں مزید کھیلنے پر مجبور کر دیا ہے۔

پہلی ٹی 10 لیگ میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں میں پنجاب لیجنڈز، پختون، مراٹھا عربینز، کیرالہ کنگز، بنگال ٹائیگرز اور ٹیم سری لنکا شامل ہیں۔

پہلے یہ بتایا گیا تھا کہ اس ایونٹ میں کولمبو لائنز کے نام سے ٹیم حصہ لے گی لیکن اب سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنی منتخب کردہ ٹیم اس لیگ میں شرکت کے لیے بھیجے گا۔

دبئی میں ہونے والے ڈرافٹ میں پانچ فرنچائزز مالکان نے اپنے کھلاڑیوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

شاہد آفریدی (پختون) سرفراز احمد (بنگال ٹائیگرز) اوئن مورگن (کیرالہ کنگز) شعیب ملک ( پنجاب لیجنڈز) اور وریندر سہواگ (مراٹھا عربئنز) اس لیگ کے آئیکونک کرکٹرز قرار پائے ہیں۔ یہی پانچوں کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت بھی کریں گے۔

اس لیگ میں حصہ لینے والی پاکستانی کرکٹرز میں فخرزمان، حسن علی، مصباح الحق، عبدالرزاق، عمراکمل، محمد عامر، عماد وسیم، سہیل خان، سہیل تنویر، کامران اکمل، رومان رئیس، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عرفان، احمد شہزاد، فہیم اشرف، جنید خان، عمرگل، حسان خان، اسامہ میر، محمد سمیع اور انور علی شامل ہیں۔

دیگر بین الاقوامی کرکٹرز میں بنگلہ دیش کے تمیم اقبال، شکیب الحسن، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی، ڈیرن براوو، کیرون پولارڈ، سیموئل بدری، لینڈل سمنز، نیوزی لینڈ کے لیوک رانکی، انگلینڈ کے الیکس ہیلز، عادل رشید، کرس جارڈن اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور رنگانا ہیرتھ کے نام قابل ذکر ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں