تاریخی عمارتوں پر رنگ، پوما نے معافی کیوں مانگی

پوما کی ویڈیو کا ایک منظر تصویر کے کاپی رائٹ Puma
Image caption پوما نے اپنے ایک اشتہاری ویڈیو کی فلمبندی پرانی دلی میں کی ہے

کھیلوں کا سازو سامان اور کپڑے بنانے والی کمپنی 'پوما' نے اپنے ایک اشتہاری ویڈیو کے لیے معافی مانگی ہے۔

پیوما نے حال ہی میں اندرون شہر پرانی دہلی کی بعض تاریخی گلیوں میں ایک ویڈیو اشتہار فلمبند کیا تھا جس کے لیے کمپنی کے لیے اشہتار بنانے والی ایجنسی نے ان عمارتوں پر 'سپرے' پینٹ سے گرافیٹی بنوائی تھی۔

یہ عمارتیں کوئی عام عمارتیں نہیں ہیں۔ تقریبًا دو سو سال پرانی ان عمارتوں کو ریاستی حکومت نے ' قومی ورثے' کی فہرست میں رکھا ہوا ہے۔

پوما کمپنی کا کہنا ہے کہ انہیں لگا کہ ان کے لیے اشتہار بنانے والی ایجنسی نے عمارتوں کو اپنے طریقے سے رنگنے کی اجازت لے لی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC Sport
Image caption پیوما کا کہنا ہے کہ انہیں لگا کہ اشتہار بنانے والی ایجنسی نے اجازت لے لی تھی

پوما کے کارپریٹ کمیونیکشین کے سربراہ کرسٹن نیوبر نے بی بی سی کو بتایا 'ہمیں لگا کہ ایجنسی نے اجازت لے لی تھی۔ عمارتوں کے مالکان نے تو اجازت دے دی تھی۔ لیکن انہیں بھی نہیں معلوم تھا کہ ان کے یہ گھر اور گلیاں قومی ورثوں کی فہرست میں ہیں ۔ ہمارا ارادہ تھا کہ اس اشتہار کے ذریعے ہم مقامی فن کاروں کو موقع دیں کہ وہ ان دیواروں پر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ جو کچھ ہوا اس کے لیے ہمیں افسوس ہے۔ ہم کوشش کریں گے ہم ان عمارتوں اور گلیوں کو واپس ان کے رنگ میں رنگ دیں'۔

دہلی کی حکومت نے 29 جولائی دوہزا سولہ میں قومی ورثوں سے متعلق جو فہرست جاری کی تھی ان میں پرانی دہلی کی گلی چوڑیوالان کی بعض عمارتیں بھی شامل ہیں۔

1983 کے دہلی کے بلڈنگ لا کے مطابق ایسی عمارتوں کی مرمت کی ذمہ داری مالکان کی ہوتی ہے لیکن اس کے لیے انہیں میونسپل کارپوریشن کے اجازت لینی ضروری ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PUMA
Image caption عمارتوں کے مالکان کو نہیں معلوم تھا انہیں فلمبندی کی اجازت دینے سے پہلے حکومت سے پوچھنا چاہیے تھا

اس بارے میں دہلی میونسپل کارپوریشن کی میئر پریتی اگروال کا کہنا تھا ' اس میں میونسپل کارپوریشن کا کوئی رول نہیں ہوتا ہے۔ ہمارا کام صرف علاقے کی صاف صفائی کا دیہان رکھنا ہے۔ اس معاملے میں ذمہ داری محکمہ اثارے قدیمہ کی ہوتی ہے'۔

سرکردہ تاریخ داں سوپنا لڈل کہتی ہیں 'پرانی دہلی کا یہ علاقہ اپنے اندر پوری تاریخ سمائے ہوئے ہے۔ یہ مغل دور کی عمارتیں ہیں جن کی اپنی ایک الگ پہچان ہے'۔

پوما کی اس اشتہاری ویڈیو میں دہلی کے کئی سٹریٹ آرٹسٹ، گلوکار اور ڈانسرز کو شامل کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو کو یوٹیوب پر اب تک 43 لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں