ایشز سیریز: پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام تک دونوں ٹیموں کا پلڑا برابر

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

برسبین کے گابا کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر مہمان انگلینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے۔

کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور معین علی کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 28 اور 13 رنز بنائے تھے۔

پہلے دن بارش کی وجہ سے دس اوورز کا کھیل نہیں ہو سکا اور دن کے اختتام پر کم روشنی کی وجہ سے کھیل کو جلدی روک دیا گیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جمعرات کو جب کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کی طرف سے الیسٹر کک اور مارک سٹون مین نے اننگز کا آغاز کیا۔

تیسرے اوور میں ہی انگلینڈ کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب الیسٹر کک مچل سٹارک کی گیند پر دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ لیکن اس کے بعد سٹون مین اور تیسرے نمبر پر آنے والے جیمز ونس نے 125 رنز کی شراکت قائم کی۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا نے پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں آسٹریلیا کو با آسانی شکست دے دی

بریڈ ہیڈن آسٹریلیا کے نئے فیلڈنگ کوچ مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

چائے کے وقفے کے بعد دن کے آخری سیشن میں آسٹریلوی بولرز نے مزاحمت کرتے ہوئے انگلینڈ کو یکے بعد دیگرے نقصان پہنچایا اور سٹون مین، ونس اور پھر کپتان جو رووٹ کو آؤٹ کر دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر کمنز نے دو اور مچل سٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان موجودہ ایشز سیریز میں پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے اور اگلا میچ دو دسمبر کو ایڈیلیڈ کے شہر میں ہوگا اور وہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم گذشتہ ایشزیز سیریز کی فاتح رہی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں