کرس گیل نے چھکے مارنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا

کرس گیل تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹسمین کرس گیل نے چھکے مارنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

رنگپور کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میں کرس گیل نے 18 چھکے مارے۔ انھوں نے 69 گیندوں میں 146 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

38 سالہ کر س گیل نے 2013 میں انڈین پریمیئر لیگ میں بنایا ہوا اپنا ہی 17 چھکوں کا ریکارڈ توڑا ہے۔

مزید پڑھیے

رپورٹر کا زبردستی بوسہ لینے پر ٹینس کھلاڑی پر پابندی

ہتک عزت کے کیس میں کرس گیل کی جیت

کرس نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میں چار چوکے بھی مارے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اور اس کے علاوہ وہ پہلے بیٹسمین ہیں جنھوں نے ٹی ٹوئنٹی میں 11 ہزار رن مکمل کیے ہیں۔

رنگپور نے فائنل میچ میں ڈھاکہ ڈائنامائٹ کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 206 رنز سکور کیے۔

ان کا ساتھ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میککلم نے دیا جنھوں نے 43 گیندوں میں 51 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے اس سیزن میں کرس گیل نے 11 میچوں میں 485 رنز سکور کیے اور وہ سرفہرست ہیں۔ ان کی اوسط تقریباً 54 ہے جب سٹرائک ریٹ 176 ہے۔

146 ناٹ آؤٹ ٹی ٹوئنٹی میں دسواں بڑا سکور ہے۔ ان کا سب سے زیادہ سکور رائل چیلنجرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 175 ناٹ آؤٹ ہے۔

گیل کے ریکارڈ

  • ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ چھکے: 18
  • ٹی ٹوئنٹی کا سب سے زیادہ سکور: 175 ناٹ آؤٹ
  • ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ سینچریاں: 20
  • ٹی ٹوئنٹی کی تیز ترین سینچری: 30 گیندوں میں
  • ٹی ٹوئنٹی میچ کے 10 سب سے زیادہ سکور میں سے تین میں ان کا اہم کردار رہا ہے
  • وہ واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سینچری، ایک روزہ میچ میں ڈبل سینچری اور ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سینچری بنائی ہے

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں