کرکٹ: روہت شرما کی ون ڈے کرکٹ میں تیسری ڈبل سنچری

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption یہ پہلا موقع نہیں کہ روہت شرما نے سری لنکن بولروں کو تختۂ مشق بنایا ہے

انڈیا کے روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں 208 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ایک روزہ کرکٹ میں اپنی ڈبل سنچریوں کی تعداد تین تک پہنچا دی ہے۔

وہ دنیائے کرکٹ میں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ایک سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

٭ روہت شرما نے ویوین رچرڈز کا 37 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا

٭ روہت شرما کا نیا ریکارڈ، ون ڈے میں 264 رنز

٭ نوجوانوں کی گلی محلے کی کرکٹ اب سٹیڈیم میں

بدھ کو چندی گڑھ میں کھیلے جانے والے میچ میں روہت نے 153 گیندوں پر 208 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس میراتھن اننگز میں انھوں نے 13 چوکے اور 12 چھکے لگائے۔

ان کی اس جارحانہ اننگز کی بدولت انڈین ٹیم اس میچ میں مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

اس میچ میں روہت نے آغاز میں بالکل جارحانہ انداز سے نہیں کھیلا اور ان کے پہلے 100 رنز 40ویں اوور میں 115 گیندیں کھیل کر ہی مکمل ہوئے۔ تاہم اس کے بعد جیسے سری لنکن بولروں کا سامنا ایک نئے روہت شرما سے تھا جنھوں نے اپنا انفرادی سکور 200 تک پہنچانے کے لیے مزید صرف 36 گیندیں کھیلیں۔

اس اننگز کے دوران اپنی آخری 27 گیندوں میں روہت شرما نے 341 کے سٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کی اور 11 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنے سکور میں 92 رنز کا اضافہ کیا۔

ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچریاں

کھلاڑی کا نام سکور مقام اور مدِمقابل ٹیم سال
روہت شرما 208* موہالی / سری لنکا 2017
مارٹن گپتل 237* ویلنگٹن/ ویسٹ انڈیز 2015
کرس گیل 215 کینبرا/ زمبابوے 2015
روہت شرما 264 کولکتہ/سری لنکا 2014
روہت شرما 209 بنگلور/آسٹریلیا 2013
وریندر سہواگ 219 اندور/ویسٹ انڈیز 2011
سچن تندولکر 200* گوالیار/ جنوبی افریقہ 2010

یہ پہلا موقع نہیں کہ روہت شرما نے سری لنکن بولروں کو تختۂ مشق بنایا ہو۔ انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی تین ڈبل سنچریوں میں سے دو سری لنکا کے خلاف ہی بنائی ہیں۔

اس سے قبل جب 2014 میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے تھے تو ان کا سکور 264 رنز تھا جو کہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔

روہت نے اپنے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف بنائی تھی۔

آج تک انٹرنیشنل کرکٹ میں سات ڈبل سنچریاں بنی ہیں جن میں سے پانچ انڈین بلے بازوں نے بنائی ہیں۔ ان میں روہت شرما کی تین ڈبل سنچریوں کے علاوہ سچن تندولکر اور وریندر سہواگ کی ایک، ایک ڈبل سنچری شامل ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے دیگر دو بلے باز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپتل ہیں

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں