اظہر اور فخر کی سنچریاں، وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز شروع ہونے سے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے شکست دے دی ہے۔

نیلسن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ الیون نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔

کرکٹ کے بارے میں مزید پڑھیے

’انڈیا اور پاکستان کے مابین کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں‘

کرکٹ کا 2017: میچ میں سب سے زیادہ ایکسٹرا کس نے دیے؟

مالک پیسے دیے بغیر غائب، پاکستانی کرکٹرز کی وطن واپسی

جواب میں شاداب خان اور فہیم اشرف کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ الیون 47.1 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

شاداب خان اگرچہ رنز دینے میں سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے تاہم 9.1 اوورز میں 52 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ فہیم اشرف نے دو جبکہ عامر، رومان رئیس، فخر زمان اور علی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے پاکستان کے اوپنرز فخر زمان اور اظہر علی نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا اور دونوں نے سنچری سکور کی۔

اظہر علی نے 104 اور فخر زمان نے 106 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز نے دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے اپنی اننگ ڈکلیئر کر دی۔ تاہم بعد میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکا۔

جس میں بابر اعظم 6، شعیب ملک 1اور حفیظ 5 رنز بنا سکے تاہم بعد میں حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 15 گیندوں پر 36 رنز سکور کیے اور مقررہ 50 اوورز میں ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنا سکی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں