ٹی 20 سیریز: فیصلہ کن میچ میں فتح پاکستان کے نام، نیوزی لینڈ کو 18 رنز سے شکست

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاداب خان کو مین آف دی میچ اور محمد عامر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا

ماؤنٹ مؤنگنوئی میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 18 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں نیوزی لینڈ کو 182 کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دو جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، عامر یامین اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

شاداب خان کو مین آف دی میچ اور محمد عامر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تیسرے اور فیصلہ کن میچ کی تصاویر

چھ میچ بعد، بھولا سبق یاد آ ہی گیا

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں روس ٹیلر 25 اور بروس 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سینٹنر 24 رنز بنا کر ناؤٹ رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاداب خان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 19 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں

182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ویلیمسن نے اننگز کا آغاز کیا تو نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین ویلیمسن تھے، وہ نو رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو دوسری کامیابی 84 کے مجموعی سکور پر ملی جب شاداب خان نے کچن کو 16 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔

اسی اوور میں شاداب نے گپٹل کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی جبکہ اس کے اگلے ہی اوور میں عامر یامین نے گرینڈہوم کو بولڈ کر دیا، وہ ایک رن بنا سکے۔

روس ٹیلر نے جارحانہ اننگز کھیلی اور صرف 11 گیندوں پر 25 رنز بنائے، انھیں محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

رومان رئیس نے بروس کو 134 کے مجموعی سکور پر بولڈ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلوائی۔

اس سے پہلے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں فخر زمان نے 46، احمد شہزاد نے 19، بابر اعظم نے 18، سرفراز احمد نے 29، عمر امین نے 21، فہیم اشرف نے 8 رنز بنائے جبکہ عامر یامین نے 15 اور حارث سہیل 20 رنزکے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور ایش ساؤتھی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گپٹل نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی

آج کے اس اہم میچ میں پاکستان کے بولر علی حسن زخمی ہونے کے باعث حصہ نہیں لیا اور ان کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست ہرایا تھا۔

آکلینڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

اس سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے کلین سویپ کرتے ہوئے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں