کوہلی کی سینچری، انڈیا نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کوہلی نے اس میچ میں اپنی 33ویں سنچری سکور کی

ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں انڈیا نے کپتان وراٹ کوہلی کا سنچری کی بدولت میزبان جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز سکور کیے۔

جواب میں انڈیا نے 270 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیے

جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقی بلے باز بے بس، فتح انڈیا کے نام

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں انڈیا کو شکست دے دی

سینچورین میں بھی انڈیا کو شکست، سیریز جنوبی افریقہ کے نام

انڈیا کی جانب سے کپتان وراٹ کوہلی اور اجنکیے ریحانے نے بہترین کھیل پیش کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 189 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔

وراٹ کوہلی نے اس میچ میں اپنی 33ویں سنچری سکور کی اور 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ ریحانے نے بھی نصف سنچری بنائی اور 79 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فاف ڈوپلیسی نے بھی سنچری سکور کی

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 134 کے مجموعی سکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔

تاہم بعد میں کپتان فاف ڈوپلیسی نے عمدہ بیٹنگ کی اور پہلے کرس مورس کے ساتھ 74 اور بعد میں پھیلاکاوایو کے ساتھ مل کر 56 رنز کی شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کا سکور 269 رنز تک پہنچا دیا۔

فاف ڈوپلیسی نے سنچری سکور کی اور 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی جنوبی افریقی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادویو تین وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔

اس طرح چھ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں