سنچورین: انڈیا نے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو باآسانی ہرا دیا

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption انڈین کی جانب سے یزویندر چہل نے پانچ وکٹیں حاصل کیں

سنچورین میں چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

انڈیا کے سپنرز کی شاندار بولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم صرف 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

انڈیا نے اپنا ٹارگٹ بیس اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت شرما تھے جو پندرہ رنز بنا کر فاسٹ بولر گاغیزو ربادا کی گیند پر کیچ ہو گئے۔

شیکھر دھون 51 رنز جبکہ کپتان ویراٹ کوہلی 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل انڈیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے بیٹسمین انڈین بالروں کی عمدہ بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کے ابتدائی پانچ کھلاڑی صرف 99 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ انڈیا کے دو لیگ سپن بولروں نے جنوبی افریقہ کے آٹھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

میچ کا سکور کارڈ

کوہلی کی سینچری، انڈیا پہلا ون ڈے جیت گیا

جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقی بلے باز بے بس، فتح انڈیا کے نام

میزبان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں ہاشم آملہ نے 23، کوئنٹن ڈی کاک نے 20، مارکرم نے آٹھ، ڈومینی نے 25، زونڈو نے 25، مورس نے 14، ربادا اور مارکل نے ایک، ایک جبکہ ملر اور عمران طاہر کوئی رن کا بنا سکے۔

انڈیا کی جانب سے یزویندر چہل نے پانچ جبکہ کلدیپ یادو نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ ایک روزہ میچوں میں یزویندر چہل کی اب تک کی بہتری بولنگ ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں چھ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں انڈیا نے کپتان وراٹ کوہلی کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں