آسٹریلیا نے ٹی 20 میں ہدف کے تعاقب کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ٹی20

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

آسٹریلیا کے آرون فنچ اور ایلکس کار ریکارڈ ساز پر جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 کے میچ میں شکست دے کر ٹی 20 کے کسی بھی بین الاقوامی میں سکور کے تعاقب کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ڈارسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر نے برق رفتاری سے کھیلتے ہوئے صرف 8.3 اووروں میں 121 رنز کی شراکت قائم کر کے نیوزی لینڈ کے سکور 243 رنز تک رسائی آسان بنا دی۔

شارٹ نے 44 گیندوں پر 76 اور وارنر نے 24 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ اس تباہ کن شراکت کے باعث آسٹریلیا نے پہاڑ جیسا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر سات گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

کرکٹ کے بارے میں مزید پڑھیے

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اووروں میں مارٹن گپٹل کی دھواں دھار سینچری کی بدولت 243 رنز بنائے۔

گپٹل نے اپنی سینچری صرف 49 گیندوں پر مکمل کی۔ اس سکور میں نو چھکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ کولن منرو نے بھی عمدہ اننگز کھیلی اور صرف 33 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔

اس میچ میں بلےبازی کے حاوی ہونے کا ایک ثبوت ہے کہ میچ کے دوران دونوں جانب سے 32 چھکے لگے جو ایک مشترکہ عالمی ریکارڈ ہے۔