افغان بولر مجیب زدران نے وقار یونس کا 28 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

زدران تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مجیب زدران نے پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ 16 برس اور 325 دن کی عمر میں سرانجام دیا

افغانستان کے نوجوان آف سپنر مجیب زدران کسی بھی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے ہیں۔

انھوں نے شارجہ میں زمبابوے کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں 50 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس کا 28 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

مجیب زدران نے یہ کارنامہ 16 برس اور 325 دن کی عمر میں سرانجام دیا ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ وقار یونس کے پاس تھا جنھوں نے سنہ 1990 میں شارجہ ہی میں سری لنکا کے خلاف 18 سال اور 164 دن کی عمر میں 26 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

محمد شہزاد رنز کی دوڑ میں کوہلی اور عمر اکمل سے آگے

افغانستان لگاتار سب سے زیادہ ٹی 20 میچ جیتنے والی ٹیم

افغان آف سپنر مجیب زدران اب تک سات ایک روزہ میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

زمبابوے اور افغانستان کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے دس وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر یہ سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔

جمعے کو کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 134 رنز بنائے۔

کریگ اروین 54 کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ برینڈن ٹیلر 30 اور ریان برل کے دس رنز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہوسکا۔

افغانستان نے مقررہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 22 ویں اوور میں حاصل کر لیا جن میں محمد شہزاد کے 75 اور احسان اللہ کے 51 رنز شامل تھے۔

عمدہ بولنگ کے بدولت میچ آف دی میچ کا ایوارڈ بھی مجیب زدران کے حصے میں آیا۔

سیریز کا آخری میچ پیر کو شارجہ میں ہی کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں