پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو انڈیا کے ہاتھوں شکست

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھونیشور کمار نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے کرکٹ میچ میں انڈیا نے میزبان جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دے دی ہے۔

وانڈررز کے میدان پر کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز ہی بنا سکی۔

انڈیا کی طرف سے بھونیشور کمار نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار اوورو میں صرف 24 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھونیشور کے آخری اور جنوبی افریقہ کی اننگز کے 18ویں اوور میں تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

انڈیا کے دورہ جنوبی افریقہ کے بارے میں یہ بھی پڑھیے

انڈیا کی جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح

کامیابی کوہلی کی، کریڈٹ انوشکا کو

’تماشائی نے عمران طاہر کو نسل پرستانہ گالی دی‘

جنوبی افریقہ کی جانب سے نوجوان اوپنر ریزا ہینڈرکس نے 70 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ ہینڈرکس کے علاوہ بہاردین نے 39 رنز سکور کیے۔

اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے شکھر دھون نے 39 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ کے آغاز پر ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا لیکن انڈین بلے بازوں نے یہ فیصلہ غلط ثابت کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

دھون کے علاوہ دیگر کھلاڑی لمبی اننگز تو نہ کھیل سکے لیکن انھوں نے انڈین اوپنر کا ساتھ دیا اور پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 200 کا ہندسہ عبور کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سی جے ڈالا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

دورہ جنوبی افریقہکے دوران اس سے پہلے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو باآسانی 5-1 سے ہرا دیا تھا۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی 21 فروری کو سنچورین جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی 24 فروری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں